بجٹ کے ذریعے عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ لاد دیا گیا، میاں مقصود

102

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ وفاقی بجٹ نے عوام کو مایوسی کے سواکچھ نہیں دیا۔بجٹ عوام دشمن ہے، اس میں غریبوں کا معاشی قتل کیاگیا ہے۔بجٹ میں غریب عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیاگیا۔ ریلیف دینے کے بجائے غریب عوام پر ٹیکسوں کامزید بوجھ لاد دیا گیا ہے۔ حکمران غریبوں کاخون نچوڑ رہے ہیں اور ملک سے غربت کے بجائے غریب مکاؤ پالیسی کو اختیار کر رکھا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت جاتے جاتے اپنے آخری بجٹ میں بھی عوام کو ریلیف نہیں دے سکی۔ سیکڑوں اشیا پر ٹیکس بڑھانے سے ملک میں مہنگائی کا سونامی آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، کرپشن اور اقربا پروری جیسے مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ حکمرانوں نے بجٹ سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لاتعداد وعدے کیے تھے مگر صد افسوس دوسرے وعدوں اور دعووں کی طرح یہ دعوے بھی کھوکھلے اور جھوٹے ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے اگر کمی ہے تو صرف اور صرف دیانتدار قیادت کی۔ موجودہ حکمرانوں کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی بدولت پاکستان مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام 2018ء کے انتخابات میں مفاد پرست ٹولے کو مسترد کرتے ہوئے ایم ایم اے کی محب وطن قیادت کو منتخب کریں۔ دینی جماعتوں کا اتحاد ہی پاکستان کے عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلا سکتا ہے۔ ملک وقوم اس وقت مسائل کے گرداب میں پھنسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 13 مئی کو ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے مینار پاکستان پر عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جو کہ پاکستان کی سیاست کا رخ موڑ دے گا۔ پاکستان کے 88 فیصد نوجوان ملک میں شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں اللہ اور اس کے رسولؐ کے نام لیوا برسر اقتدار آئیں گے۔ وقت آگیا ہے کہ عوام لٹیرے، کرپٹ، چور، خائن اور امریکی ڈکٹیشن لینے والے حکمرانوں کو مسترد کردیں اور اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والی قیادت کو کامیاب کرائیں۔