فارما سوٹیکل کمپنیوں کی ضد انسانی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے

131

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 70 کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن اور دیگر نے کہا ہے کہ غریبوں کے علاج معالجے کی متبادل سہولتیں دیے بغیر گلی محلہ، دیہات اور کچی آبادیوں میں چلنے والے چھوٹے کلینک پر چھاپے اور ان کی بندش و بھاری جرمانے عوام کو سستے داموں میسر علاج کی سہولتوں سے بھی محروم کرنے کے مترادف ہے۔ محض اتائی کے لفظ سے ہر طرح کی سہولتوں کی بندش انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کی فارما سوٹیکل پالیسی کیخلاف صوبے بھر میں تمام میڈیکل اسٹورز کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کے نتیجے میں ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مریض مشکلات کا شکار ہیں۔ شوگر، بلڈ پریشر اور امراض قلب کے مریضوں کے لیے ایک ایک لمحہ گزارنا مشکل ہورہا ہے۔ پنجاب حکومت اور فارما سوٹیکل کمپنیوں کی ضد اور ہٹ دھرمی انسانی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ فیصل آباد کے سرکاری اسپتالوں میں کئی ایمرجنسی ادویات نہ آنے اور میڈیکل اسٹورز کی ہڑتال کی وجہ سے مریضوں کے علاج میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت پنجاب اورمیڈیکل اسٹورز کے عہدیدار اس ایشو پر مل بیٹھیں گے اور اس مسئلے کا جامع حل تلاش کریں گے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ تمام اضلاع اور تحصیل سطح پر تمام تر سہولیات سے بھرپور ماڈل میڈیکل اسٹورز حکومت کے ماتحت چلائے جائیں تاکہ پرائیویٹ اسٹورز مالکان کے لیے ایک مثال ثابت ہوسکیں اور اس طرح کی کسی بھی ہڑتال کے نتیجے میں عوام کو زندگی بچانے والی ادویات کی دستیابی ممکن ہوسکے۔