کراچی (اسٹا ف رپورٹر) گلشن اقبال کے پارک میں ورزش کرنے پر پابندی عائد کردی،ضلع شرقی پارک کی کمیٹی کی انتظامیہ نے گلشن اقبال کے ناصر حسین پارک میں ورزش یا یوگا کی قطعی اجازت نہیں ہے کا بینر آویزں کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال نا صر حسین پارک میں یوگا اور دیگر اقسام کی ورزش پر پابندی عائد کردی گئی۔یہ پابندی شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال کے ناصر حسین پارک میں پارک انتظامیہ کی جانب سے عائد کی گئی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق وہ ناصرحسین پارک میں یوگا اور دیگر کسی قسم کی ورزش نہیں کرسکیں گے، انہیں صرف جاگنگ اور واک کرنے کی اجازت ہوگی۔مکینوں کا کہنا ہے کہ پارک میں ورزش پر پابندی سمجھ سے بالاتر ہے، صبح سویرے باپردہ خواتین بھی پارک آکر یہاں ورزش کرتی تھیں تاہم اب پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین ضلع شرقی کا کہنا ہے کہ پارک میں ورزش پر پابندی پارک کی کمیٹی نے لگائی ہے، ضلعی انتظامیہ کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ یوسیز پارکس کمیٹیاں بناتی ہیں، جنہیں پابندیاں عائد کرنے کا بھی اختیار ہوتا ہے۔