پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہیں

102

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے رہنماؤں سردار ظفر حسین خان، انجینئر عظیم رندھاوا ، غلام عباس خان،رانا وسیم احمد،محبوب الزماں بٹ اوررائے اکرم کھرل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ حکمرانوں نے بجٹ دھماکے بعد عوام پر پیٹرولیم بم گرادیا ہے ، نام نہاد عوامی نمائندوں کوغریب عوام کی مشکلات کااحساس ہی نہیں،وہ محض اقتدارسے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ عوام 2018ء کے انتخابات حکمرانو ں کو ان کی غریب دشمن پالیسیوں کا جواب دیں گے ،آنے والے انتخابات ان کے لیے ایک ڈراؤناخواب ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔اشیا ضروریہ کی قیمتیں پہلے ہی آسمان کو چھو رہی ہیں۔دن پر دن بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے اشیا ضروریہ غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک طرف بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ دوسری جانب حکومت کی عوام کش ظالمانہ پالیسیوں نے کسر پوری کردی ہے۔روزگارنہ ملنے کی وجہ سے مزدوروں کے گھروں میں فاقوں کاراج ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کوپہلے ہی کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیاجانے والا اضافہ واپس لے۔