نئی روایت قائم کر تے ہوئے صوبائی حکومت سے جد ا ہورہے ہیں

148

پشاور (وقائع نگارخصوصی) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈ رجماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ سیاست میں نئی روایت قائم کر تے ہوئے صوبائی حکومت سے جد ا ہورہے ہیں ہم نے موجودہ صوبائی حکومت میں پانچ سال مل کر کام کیا۔ ہم 11 نکات پر متفق ہوکر موجودہ صوبائی حکومت میں شامل ہوئے تھے جس میں تعلیم اور تعلیم نصاب میں تبدیلی کی واپسی، اسکولز میں ناظرہ و ترجمہ قرآن مجید، بونیر، چترال میں یونیورسٹی کا قیام، اپر دیر میں انجینئر نگ یونیورسٹی، دیر پائیں میں میڈیکل کالج کا قیام، صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ، صوبائی حقوق کے لیے مشترکہ جدوجہد، میرٹ کی بالادستی، شفاف حکومت شامل تھے ۔ ہم نے اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ صوبائی حکومت میں پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر عوام کے فلاح و بہبود کے لیے کا م کیا اور اب مثبت انداز میں صوبائی حکومت سے الگ ہورہے ہیں۔ ہم اب دوسرے اتحاد میں جارہے ہیں۔ ہم صوبائی حکومت کو کمزور نہیں ہونے دیں گے اور اس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاؤ س پشاور میں وزیر اعلیٰ پرویز خان خٹک کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے وزرا حاجی حبیب الرحمن، وزیر خزانہ مظفر سید، ممبران صوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری اور سعید گل بھی موجود تھے۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم حکومت سے کسی اختلاف کی وجہ سے جدا نہیں ہورہے ہیں بلکہ ہم دینی جماعتوں کے اتحاد ایم ایم اے میں شامل ہورہے ہیں اور آئندہ انتخابات کے لیے انتخابی مہم کے لیے وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخان خٹک کے مشکور ہیں اور آج ایک تاریخی دن ہے جو ہم سیاست میں ایک نئی روایت قائم کر کے خوشی خوشی الگ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم سیاست میں تلخی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور انتخابی مہم میں کسی پر الزامات اور کیچڑ اچھالنے کے بجائے اپنا منشور اور مستقبل کا روڈ میپ پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پانچ سال تک عوام کی خدمت کے لیے اکٹھے رہے ہیں اور عوام کے مفاد کے لیے ساتھ چلیں ہیں اور موقع ملا تو مستقبل میں بھی مل کر کا م کریں گے۔