فاٹا میں بلدیاتی اور بڑے مالیاتی پیکیج کے اعلانات خوش آئندہ ہیں ، سینیٹر مشتاق خان

118

پشاور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ فاٹا کے حوالے سے وزیراعظم کے اعلانات جماعت اسلامی کی انتھک، مسلسل اور نتیجہ خیز جدوجہد کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ ایک ہزار ارب پیکیج اور انضمام کا اعلان جماعت اسلامی کے بنیادی مطالبات تھے۔ فاٹا اصلاحات کے جلد از جلد نفاذ، اکتوبر سے پہلے بلدیاتی انتخابات اور بڑے مالیاتی پیکج کے اعلانات خوش آئند ہیں،تاہم مالیاتی پیکج کے لیے دس سال کا عرصہ کم کیا جائے۔ فاٹا کے حوالے سے حکومتی اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔فاٹا کے حقوق کے مکمل حصول اور حتمی کامیابی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ یہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا ثمر ہے کہ پہلے سینیٹ سے عدالت عظمیٰ اور پشاور ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار کی فاٹا تک توسیع کا بل پاس ہوا اور اب حکومت نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے اور ایک ماہ کے اندر اصلاحات نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ فاٹا کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ ان کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صوبائی اسمبلی میں بھی فاٹا کو نمائندگی دینے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں اور اسے جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ فاٹا کے عوام کو بھی مسائل کے حل کے لیے اپنے نمائندے صوبائی اسمبلیوں میں بھیجنے کا حق ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پہلے ہی اصلاحات اور انضمام کا عمل مکمل کرلیتی تو اچھا ہوتا، مسلسل تاخیر سے حکومت نے اپنا کردار مشکوک کردیا تھا۔انہوں نے جے آئی یوتھ کے ذمے داران کو ہدایات دیں کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے حکومتی اعلان کی خوشی اور کامیابی پر ایجنسی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز پر پروگرامات اور ریلیاں منعقد کریں۔