بد عنوان عناصر نے ملک کی بنیادوں کا ہلا کر رکھ دیا ہے، میاں مقصود

151

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیر جماعت اسلامی میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن کے آئے روز نت نئے اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں۔ کرپٹ عناصر نے ملک کی معاشی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے جبکہ انسداد کرپشن کے نیب سمیت دیگر تمام ادارے ملک سے کرپشن کا قلع قمع کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ پولیس میں اربوں روپے کی حالیہ کرپشن کا انکشاف ہوا جوکہ حکمرانوں کی گڈگورننس کا پول کھول دینے کے لیے کافی ہے۔ کرپٹ حکمران ملک میں احتساب کا نظام نہیں چاہتے۔ اوپر سے لے کر نیچے تک کرپشن اور کرپٹ افراد کی لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ موجودہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کرپشن کو ناسور قرار دیتے ہوئے اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا وعدہ عوام سے کیا تھا مگر دیگر وعدوں کی طرح یہ وعدہ بھی جھوٹا ثابت ہوا ہے۔ کرپشن کی وجہ سے پاکستان کی معاشی صورتحال زبوں حالی کا شکار ہے۔ بے روزگاری، لاقانونیت، مہنگائی، دہشت گردی، لوڈشیڈنگ اور میرٹ کے برعکس نااہل افراد کو نوازنے جیسے سنگین مسائل کے حل پر برسر اقتدار افراد کی کوئی توجہ نہیں۔ ہمارا سب سے بڑا المیہ ہے کہ منتخب حکومتیں بجٹ میں بڑے بڑے کاغذی منصوبے دکھا کر رقم مختص تو کرالیتی ہیں مگر نااہلی، غیر سنجیدگی اور ذاتی مفادات کے پیش نظر غیر ضروری کاموں کو اولیت دینے کے باعث خرچ نہیں کرپاتیں جس سے بنیادی ضروریات سے محروم علاقوں کے درمیان احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ پنجاب حکومت اب تک آئی ٹی، محکمہ داخلہ، ایمرجنسی سروس کے لیے اربوں روپے کے فنڈز جاری کر نے کے باوجود انہیں استعمال ہی نہیں کرسکی جو کہ حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جب تک حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا تسلسل جاری ہے تب تک بہتری نہیں آسکتی۔