آئندہ عام انتخابات میں خواتین کا اہم کردار ہوگا، سردار ظفر خان

141

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں خواتین کا اہم کردار ہوگا، خواتین کی ذمے داری ہے کہ وہ نہ صرف اپنے ووٹ کا آزادانہ استعمال کرتے ہوئے ملک کے لیے مخلص اور صالح قیادت کا انتخاب کریں بلکہ دیگر خواتین کو بھی ملک میں دیانت دار قیادت کے انتخاب کے لیے تیار کریں۔ آج ایک بار پھر قیام پاکستان کے جذبوں کو زندہ کرنے کا وقت آگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں شعبہ خواتین کی ضلعی ناظمہ آپا نجمہ خانم کی قیادت میں آنے والے خواتین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کا اتحاد ایم ایم اے آئندہ انتخابات میں ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گا، ملک اس وقت چاروں طرف سے خطرات میں گھرا ہوا ہے، صرف دینی جماعتوں کی دیانت دار قیادت ہی ملک کو موجودہ سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ نظام مصطفیؐ کے سوا امن و انصاف کا اور کوئی راستہ نہیں، پاناما، دبئی اور لندن لیکس اور قرضے معاف کروانے والوں کی فہرستوں میں کسی دینی جماعت کے رہنما کا نام نہیں آیا، آئندہ عام انتخابات میں سیکولر و لبرل سیاسی پارٹیوں کے مقابلے میں اسلام و نظریہ پاکستان کی محافظ دینی قوتیں ہی فتح یاب ہوں گی۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ گھر گھر تک اس پیغام کو پہنچائیں کہ ملکی ترقی و خوشحالی اور قومی وقار کی بحالی کے لیے عوام کو انتخابات میں دیانتدار اور باکردار لوگوں کو منتخب کرنا ہوگا۔ آزمائے ہوئے سیاستدانوں کو ایک بار پھر آزمایا گیا تو یہ ایک المیہ ہوگا، جس کا خمیازہ قوم کو آئندہ پانچ سال تک بھگتنا ہوگا۔ وطن عزیز کو اس وقت ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو عوام کے دکھوں کا مداوا کرسکے۔