میرے خلاف فیصلے کو اسمبلی میں لے جا کر بدلنا ہوگا، نواز شریف

148

مانسہرہ (خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے خلاف فیصلے کو اسمبلی میں لے جا کر بھاری اکثریت سے بدلنا ہو گا‘ سب لوگ میرے پیچھے پڑے ہیں اور مجھے جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں‘ عمران، زرداری گزشتہ انتخابات میں شکست نہ دے سکے تو مجھے چور دروازے سے نااہل کرادیا‘ ملک کسی کی جاگیر نہیں‘ دھرنے والے نیا پختونخوا نہ بنا سکے‘ یہاں ہر طرف گندگی کے ڈھیر ہیں‘ قوم پی ٹی آئی کوردکر چکی ہے۔ مانسہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ راستے
میں شاہ مقصود سے حویلیاں اور پھر ایبٹ آباد مانسہرہ تک پرانا پاکستان دیکھا‘ یہ کہتے تھے ہم نیا خیبر پختون خوا اور پاکستان بنائیں گے لیکن راستے میں کہیں نیا پاکستان نظر نہیں آیا‘ راستے میں جگہ جگہ گندگی اور کچرے کے ڈھیر دیکھے تاہم اگر خیبرپختون خوا شہباز شریف کے پاس ہوتا تو یہاں کا نقشہ ہی بدل چکا ہوتا‘ جا کر پنجاب کو دیکھیں جہاں نیا پاکستان نظر آتا ہے لیکن کے پی اور سندھ میں وہی پرانا پاکستان نظر آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم عمران خان کو رد کرچکی ہے‘ عمران خان نے خود کہہ دیا ہے کہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ کمزور ہے‘ عمران جو آف شور کمپنیوں کا مالک ہے اس کو ججوں نے کہہ دیا ہے کہ تم صادق اور امین ہو‘ اس فیصلے کو بدلنا ہے تو اس کا ایک ہی راستہ ہے‘ اس فیصلے کو ہمیں اسمبلی میں لے جاکر بدلنا ہوگا اور اس کے لیے مجھے آپ کا ووٹ چاہیے‘ 2013ء میں آصف زرداری اور عمران خان شکست نہیں دے سکے تو چور دروازے سے مجھے نا اہل کرادیا تاہم آئندہ انتخابات میں دونوں کو شکست فاش دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نے کہا کہ یہ ملک چند لوگوں کی جاگیر نہیں، یہ 22 کروڑ عوام کی جاگیر ہے اور یہ22 کروڑ لوگ کسی کے نوکر نہیں ہیں‘ یہ بھی اتنے ہی عزت دار ہیں ‘جتنے 5 جج صاحبان ہیں‘ کوئی آپ کا سر نہیں جھکاسکتا‘ یہ لوگ میرے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑے ہوئے ہیں کہ نواز شریف کو گرفتار کرو اور جیل میں ڈالو تاہم پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے ناکام و نامراد ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف پر کریشن کا کوئی الزام نہیں‘ نواز شریف کو کرپشن میں پکڑا ہوتا تو بات بھی تھی لیکن انہوں نے پکڑا تو بیٹے سے تنخواہ لینے پر‘ مجھے تو چند ججوں نے فارغ کیا عدالتی فیصلے کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں حاجیوں کو لوٹا گیا لیکن انہیں کوئی نہیں پوچھتا‘ نواز شریف کے پیچھے سب پڑے ہوئے ہیں لیکن آپ ان سب کے پیچھے پڑ جاؤ۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کرنے والے لوگ ان کو پسند نہیں ہیں‘ 70 سال سے یہی تماشا اس ملک میں ہوتا رہا ہے‘ کسی وزیراعظم کو مدت پوری کرنے نہیں دی گئی‘ میں نے جو بھی وعدہ کیا پورا کیا‘ پاکستان سے بجلی کا بحران ختم کیا‘ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا اور کراچی کو امن کا گہوارہ بنایا‘ ووٹ کو عزت نہ دینے والی قوتوں کو شرمناک شکست دیں گے‘ اگر میں دوبارہ مانسہرہ آیا تو یہاں اگلے سال موٹروے ہو گی‘ بوسیدہ نظام کا خاتمہ کرکے نیا کے پی کے تعمیر کریں گے ۔