واٹربورڈ نے شہریوں کی سہولت کیلئے آن لائن ٹینکرزسینٹرقائم کردیا ہے ۔

243

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)واٹربورڈ نے شہریوں کی سہولت کیلئے آن لائن ٹینکرزسینٹرقائم کردیا ہے ، شہری آن لائن ٹینکرز سینٹرسے صرف ایک فون کال پر پانی کا ٹینکر باآسانی حاصل کرسکیں گے ، ایم ڈی واٹربورڈخالد محمود شیخ کے اقدام سے شہریوں کوواٹر ہائیڈرنٹس پر ٹینکر ز کے حصول کیلئے طویل لائن نہیں لگانی پڑے گی ، زائد قیمت پر ٹینکرز کی فروخت کا خاتمہ ہوگا اور نہ ہی انہیں انتظار کرنا پڑے گا، شہریوں کی جانب سے واٹربورڈ کے اقدام کا خیر مقدم کیا جارہا ہے ،

تفصیلات کے مطابق واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد محمود شیخ کی ہدایت پر واٹربورڈ کے ٹینکرز اینڈ ہائیڈرنٹس سیل نے ٹینکرز کے ذریعے پانی کے حصول کے خواہشمند شہریوں کیلئے واٹربورڈ آن لائن ٹینکرز سینٹر قائم کردیا ہے ،اب شہری صبح 9 سے 5 بجے شام تک صرف ایک ٹیلی فون کال پر گھر بیٹھے ٹینکرحاصل کرسکیں گے،آن لائن ٹینکر سینٹرکے فون نمبر 99245152 ، 99245178 ، 99240802 جاری کردیئے گئے ہیں ،مزید ٹیلی فون نمبر بھی حاصل کئے جارہے جن کو جلد مشتہر کردیا جائے گا،

شہر کے مختلف علاقوں کے مکینوں میں ٹینکروں کی مساویانہ فراہمی کیلئے واٹربورڈ نے ٹینکرز کا کوٹہ مختص کردیا ہے جس کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر جزل پبلک سروس کے تحت ٹینکرز فراہم کئے جائیں گے ،کسی علاقہ کاجزل پبلک سروس کوٹہ ختم ہونے کی صورت میں سینٹر کا عملہ صارف کو کمرشل ٹینکر کی پیشکش کرے گا ،صارف کے انکار کی صورت میں اس کی درخواست اگلے روزجزل پبلک سروس کوٹہ کیلئے محفوظ کرلی جائے گی،ٹینکرکے حصول کیلئے آن لائن سینٹر سے رجوع کرنے والے کو اپنامکمل پتہ ، ٹینکروصول کرنے والے شخص کا فون نمبر اور ٹینکر کے مطلوبہ ہزار گیلن سے آگاہ کرنا ہوگا،

ہائیڈرنٹ سے ٹینکر روانہ ہوتے ہی صارف کو ٹینکر ڈرائیور کا نام ، ٹینکر کا نمبر ،وقت اور ٹینکر کی رقم سے متعلق بذریعہ فون آگاہ کیا جائے گا،ایم ڈی واٹربورڈ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹینکر کے نرخ کی ادائیگی صرف ٹینکر ڈرائیور کو رسید دینے پر ہی کی جائے،شہری مشتہر کئے گئے نرخ (رسید پر درج رقم)سے زائد رقم ٹینکر ڈرائیور کو ہر گز ادا نہ کریں،زائد رقم طلب کرنے پرٹینکرکا نمبر فون نمبر 021-99245020 پر درج کرایاجائے ، جس پر فوری کارروائی کی جائے گی ، شکایت درج کرانے پرشکایت نمبر فراہم کیا جائے گا ،اور جلد از جلد زائد رقم کی واپسی ممکن بنائی جائے گی،شہری ٹینکرز کے حصول میں واٹربورڈ سے تعاون کریں،

اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی باری کا انتظار کریں ،مزید برآں ایم ڈی واٹربورڈ کے اس اقدام کو شہری حلقوں کی جانب سے بھرپور پزیرائی مل رہی ہے ، ایم ڈی واٹربورڈ کے اس اقدام سے بزرگ او ر خواتین سمیت دیگر شہریوں کو نہ لمبی لمبی قطار میں لگنا پڑ ے گا اور نہ ہی طویل انتظار کی زحمت گوارا کرنا پڑے گی.