مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے‘ عالمی برادری نوٹس لے‘ میاں مقصود

126

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ بھارتی فوج کے ہاتھوں پروفیسر سمیت 11 افراد کی شہادت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بھارت نے گیارہ افراد کو شہید اور 70 افراد کو زخمی کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ اسے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سمیت کسی کی کوئی پرواہ نہیں۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کرچکا ہے۔ اس کی روک تھام کے لیے عالمی برادری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتے ہیں اور کشمیری بھائیوں کی ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ دوست ممالک کو اعتماد میں لیتے ہوئے حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کرے اور ہندوستان کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے عالمی سطح پر منظم انداز میں حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ پوری مقبوضہ وادی میں کشمیری مسلمان بھارتی فوج کی پُرتشدد کارروائیوں کیخلاف سراپا احتجاج ہیں۔ دنیا کو کشمیریوں کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس افسوس ناک واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور پوشیدہ اصل محرکات کو سامنے لایا جائے۔ ذمے داران کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے۔ ایسے وقت میں جب ملک میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں، صورتحال کو کشیدہ کرنے کی کوشش تشویش ناک امر ہے۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت کچھ قوتیں انتخابات کے انعقاد میں رخنہ ڈالنا چاہتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر کریں تاکہ عام انتخابات کے حوالے سے ملکی فضا پُرامن رہے۔ پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے۔ ہم سب کو مل کر دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔