بے نظیر بھٹو قتل کیس‘ عدالت کا نظر بند 5 ملزمان کی رہائی کا حکم 

150

راولپنڈی (آن لائن) عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف اور جسٹس سرفراز ڈوگر پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بری ہونے کے باوجو حکومتی احکامات کے تحت نظر بند پانچوں ملزمان کی رہائی کا حکم جاری کر دیا ہے عدالت نے پانچوں ملزمان کی ضمانت 5 لاکھ روپے فی کس مچلکوں پر منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو اپیلوں کے فیصلے تک ہر تاریخ پرعدالت میں حاضری یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے جبکہ عدالت نے ملزمان کی رہائی کے خلاف ایف آئی اے کی اپیلیں باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لی ہیں۔ انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر1کے جج اصغر خان نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے23 کارکنان کے قتل کیس میں نامزد ملزمان محمد رفاقت، حسنین گل، شیر زمان، رشید احمد اور اعتزاز شاہ کوگزشتہ سال31 اگست کو عدم ثبوت کی بنا پر مقدمہ سے بری کر دیا تھا لیکن اسی روز ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے نقص امن کے خطرے کے پیش نظر پانچوں ملزمان کی30 یوم کی نظر بندی کے احکامات جاری کرتے ہوئے ان کی رہائی روک دی تھی۔