کراچی میں کامیاب یوتھ کنونشن

204

جماعت اسلامی کراچی نے کراچی کے نوجوانوں کو جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر مجتمع کر کے پیغام دیا ہے کہ اگر کراچی کو ترقی دینی ہے اور بچانا ہے تو اس شہر کے نوجوانوں کو آگے بڑھ کر اپنے معاملات خود سنبھالنے ہوں گے۔ اس کنونشن سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے خطاب کیا اور اس موقع پر تاریخی اعلان کیا کہ جماعت اسلامی انتخابات میں 50فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دے گی۔ یہ محض سیاسی نعرہ نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ مرکزی قیادت سے لے کر شہروں اور ضلعوں کی قیادت تک نچلی سطح پر بھی ملک کی دیگر تمام پارٹیوں کے مقابلے میں جماعت اسلامی کی قیادت نوجوانوں ہی کی ہے۔ سراج الحق کی جانب سے 50فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دینے کا اعلان نوجوانوں کی ذمے داریوں میں اضافہ کے مترادف ہے۔ اب نوجوانوں کو مستقبل کی ذمے داریاں سنبھالنے کی تیاری کرنا چاہیے اس کے لیے اپنی صفوں کو بھی منظم کرنا ہوگا اور عوام سے گہرا رابطہ بھی رکھنا ہوگا۔ بہرحال کراچی میں کامیاب یوتھ کنونشن منعقد کرنے پر اس کے منتظمین مبارک باد کے مستحق ہیں۔