قرآن سے دوری کی وجہ سے ہمارا خاندانی نظام شکست کا شکار ہے 

135

نوابشاہ (وقائع نگار خصوصی ) نوابشاہ قرآن اکیڈمی کے تحت تین روزہ قرآن کلاسز سے نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ نصراللہ عزیز چنا، امیر جماعت اسلامی ضلع نوابشاہ کنور راشد مکرم، امیر جماعت اسلامی سرور احمد قریشی نے کہا کہ قرآن سے دوری کے نتیجے میں پاکستان میں خاندانی نظام شکست و ریخت کا شکار ہے نوجوان نسل مایوسی کا شکار ہے، مغربی طرز زندگی اختیار کرکے نفسیاتی امراض میں مبتلا ہو ر ہے ہیں، سودی معیشت نے معاشی نظام کو زمین بوس کر دیا ہے، مسلمانوں نے پاکستان بناتے وقت اللہ سے جو وعدہ کیا تھا وہ ایفائے عہد نہیں ہو سکا، پاکستان میں لبرل اور سیکولر آزاد خیال لوگوں کی وجہ سے مسلمانوں میں ذہنی خلفشار پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ہم اپنی بنیاد سے ہٹ جائیں ۔اپنی تہذیب اپنی فکر اپنی شناخت اپنی دینی اساس سے دوری کے نتیجے میں وطن عزیز میں رہنے والے انسان معاشی حیوان بنتے جا رہے ہیں جس کے نتیجے میں حلال حرام کی تمیز ختم ہو گئی ہے۔ کیریئر ازم نے انسان کو نہ ختم ہونے والی دوڑ کا مسافر بنا دیا ہے، ہم نے اپنے اللہ کو ناراض کر لیا ہے، گناہوں کی پوٹلی اٹھانے کے بعد شیطان کے راستے پر چل نکلے ہیں ،اللہ کی مغفرت سے دور ہو گئے ہیں، اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنے اور اپنی نجات کے لیے اللہ اور اس کے رسولﷺ کے بتائے ہوئے طریقے پر چلیں تاکہ اخروی کامیابی حاصل کر سکیں۔