بھارت میں 23 سال سے قید پاکستانی شہری رہا

132

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے 23 سال سے قید سید ساجد علی بخاری نامی پاکستانی شہری کو خیر سگالی کے طور پر رہا کردیا۔ بیک ڈور ڈپلومیسی کے تحت پاکستان اور بھارت کی طرف سے سزائیں مکمل کرنے والے ایک دوسرے کے شہریوں کی رہائی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت بھارت نے 23 سال سے قید پاکستانی شہری کو خیر سگالی طور پر رہا کردیا ہے۔سید ساجد علی بخاری کا تعلق کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے ، وہ غلطی سے سرحد پار کرکے مقبوضہ کشمیر چلے گئے تھے جہاں بھارتی سیکورٹی فورسز نے انہیں 8 ستمبر 1995ءمیں گرفتارکیا تھا، سید ساجد علی بخاری کو کئی برس تک سری نگر جیل میں رکھا گیا تھا، ان کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے تھانہ پریم پورہ میں 302، 307 اور آر پی سی کی دفعہ 3 اور25 کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔ 27 جون 2006 ء کو سید ساجد علی بخاری کی شہریت کی تصدیق کی گئی جس کے بعد اب ان کی رہائی عمل میں آئی ہے، سید ساجد علی بخاری کم و بیش 23 سال بعد پاکستان لوٹے ہیں۔ پاکستانی ہائی کمیشن نیودہلی نے سید علی بخاری کی رہائی میں اہم کردارادا کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستانی شہری کی سزا مکمل ہوچکی تھی تاہم اب بیک ڈورڈپلومیسی کے ذریعے اس کی رہائی ممکن ہوسکی ہے، ساجد علی کو بھارت کی بارڈرسیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے پاکستان رینجرز پنجاب کے حوالے کیا۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کی جیلوں میں دونوں ملکوں کے درجنوں ایسے شہری سزائیں مکمل ہونے کے باوجود قید وبند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں جن کی شہریت کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔