بھاری بھرکم اسکول بیگ سے بچوں کو ریڑھ کی ہڈی اور دیگر مسائل کا سامنا۔

448

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) ننھے ننھے کاندھوں پر وزن سے زیادہ کتابوں کا بوجھ اٹھانے کے باعث بچوں کو ریڑھ کی ہڈی اور دیگرمسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اساتذہ کہتے ہیں بچوں پر سے کتابوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے تمام اسکولوں کو اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

عباسی شہید اسپتال میں گزشتہ ایک سال کے دوران درجنوں اسکول جانے والے چھوٹے بچے ریڑھ کی ہڈی اور دیگرمسائل کے ساتھ رپورٹ ہوئے ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق ننھے ذہنوں پر محض کتابوں کا بوجھ ڈالنے کے بجائے بہتر تعلیم دی جائے تو وہ مستقبل میں ملک و قوم کے لیے اثاثہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

طبی ماہرین کا مزید کہناہے کہ روزانہ ان کے پاس آنے والے بچوں میں گردن ، کمر اور کندھوں پر درد کی شکایت عام دیکھنے میں آرہی ہے جس کی وجہ اسکول کے بھاری بستے اور بیگ ہیں میں نے بحیثیت ایک ڈاکٹر کمسن طلبہ کے اسکول کے ان بھاری بستوں کی وجہ سے ہونے والے جسمانی درد کے معاملے کو انتہائی حساس اور اہم پایا ہے تاہم میں اساتذہ اور پرنسپل سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ بچوں کی پڑھائی کے حوالے سے ایسا نظام بنائیں کہ صرف وہی کاپیاں اور کتابیں منگوائی جائیں جن کی اسکول میں پڑھائی کے وقت ضرورت ہو تاکہ کمسن بچوں کے اسکول بیگ بلاوجہ وزنی نہ ہو پائیں اور وہ کم عمری میں گردن، ریڑھ کی ہڈی اور کندھوں کے درد میں مبتلا ہونے سے بھی بچ سکیں۔