کرپشن کے میگا اسکینڈلز کی کسی لسٹ میں جماعت اسلامی کے کسی فرد کا نام نہیں آیا

137

پشاور (وقائع نگار خصوصی)سابق سینئر وزیر و پارلیمانی لیڈ ر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا کرپشن ختم کرنے کا محض نعرہ نہیں بلکہ ہماری قیادت اور کارکنان نے ملک میں اپنی امانت و دیا نت کا لوہا منوایا ہے اور ہمارا کوئی بدترین مخالف بھی ہمارے دامن پر کرپشن کا کوئی دھبہ نہیں دکھا سکتا ۔کرپشن کے میگا اسکینڈلز کی کسی لسٹ میں جماعت اسلامی کے کسی فرد کا نام نہیں آیا ۔جماعت اسلامی کے امانت دار لوگوں کے ہاتھوں میں قوم کے خزانوں کی کنجیاں آ جائیں تو عوام کو صحت ، تعلیم ، پینے کے صاف پانی سمیت ضروریات زندگی کی تمام سہولتیں ان کی دہلیز پر پہنچیں گی ۔ بدیانت اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات کیلیے عوام کو متحد ہوکر اٹھنا چاہیے ۔عوام مایوسی اور بددلی چھوڑ کر ایک عزم اور حوصلے کے ساتھ میدان میں نکلیں تو ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں ۔وہ پشاور میں مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے ۔ عنایت اللہ خان نے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اگر عوام اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں اور دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں تو ملک و ملت پریشانیوں اور مصیبتوں کے گرداب سے نکل سکتے ہیں اور پاکستان حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و فلاحی مملکت بن سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنی مثالی خدمت اور کردار کے نتیجے میں آئندہ الیکشن میں بھی بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے کہاکہ عوام انتخابات میں جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کریں،جماعت اسلامی کے پاس دیانتدار قیادت موجود ہے ۔ماضی میں جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے بہترین انتظامی صلاحیتوں کا مظاہر ہ کیاہے اور مستقبل میں بھی اس کو تسلسل دیں گے ۔