آزمائے ہوئے سیاستدانوں کو پھر آزمانا المیہ ہوگا، سردار ظفر خان

257

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی زون پی پی 114 کے یو سی امرا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سا لمیت اور نظام مصطفی سے محبت کرنے والے 13 مئی کو جوق در جوق مینار پاکستان پہنچیں گے، اگلا انتخاب غلامان مصطفی اور غلامان امریکا کے درمیان ہوگا، پی پی 114 کا بڑا قافلہ ستیانہ روڈ سے زونل امیر زبیر لطیف کی قیادت میں روانہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے مینار پاکستان پر ہونے والے ایم ایم اے کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری رانا وسیم احمد، زونل نائب امیر میاں عبدالستار بیگا، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم اور یوسی امرا بھی موجود تھے۔ سردار ظفر نے کہا کہ مینار پاکستان پر ایم ایم اے 13 مئی کو دینی جماعتوں اور نظریہ پاکستان پر یقین رکھنے والی صالح اور باکردار قیادت کو اکٹھا کرے گی اور جس سے آئندہ انتخابات کے لیے پنجاب بھر میں باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز ہوگا۔ موجودہ یا سابقہ حکومتوں میں رہنے والوں کے اندر یہ صلاحیت نہیں کہ وہ ملک کو اندرونی و بیرونی محاذ پر درپیش مسائل سے نکال سکیں۔ اس وقت حقیقی متبادل قوت صرف متحدہ مجلس عمل ہے، جو عوام کی حقیقی نمائندہ ہے۔ میدان میں موجود باقی تمام پارٹیوں کو عوام نے آزما لیا ہے۔ آزمائے ہوئے سیاستدانوں کو ایک بار پھر آزمایا گیا تو یہ ایک المیہ ہوگا جس کا خمیازہ قوم کو آئندہ پانچ سال تک بھگتنا ہوگا۔ وطن عزیز کو اس وقت ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو عوام کے دکھوں کا مداوا کرسکے۔ اقتدار کی باریاں لینے، پارٹیاں بدلنے اور قومی دولت سے جیبیں بھرنے والوں پر سے عوام کا اعتماد اٹھ گیا ہے۔ قوم آزمائے ہوئے سیاست دانوں کو آزمانے کے بجائے اس بار کرپشن سے پاک دینی قوتوں کا ساتھ دے۔ آئندہ انتخابات میں عوام صاف ستھرے امیدواروں کو منتخب کر کے ملک سے کرپشن کی جڑوں کو ہمیشہ کے لیے کاٹ پھینکیں۔