متحدہ مجلس عمل کا جلسہ ہر حال میں ہوگا ، میاں مقصود

352

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ 13 مئی کو مینار پاکستان پر متحدہ مجلس عمل کا جلسہ عام ہر حال میں ہوگا۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ ہمارے پُرامن جلسے میں رکاوٹ نہ ڈالے۔ مینار پاکستان جلسوں کے لیے ایک طے شدہ جگہ ہے۔ متحدہ مجلس عمل کے 13 مئی کے جلسہ عام کے حوالے سے تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں اور کارکنان میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے۔ اگر ضلعی انتظامیہ نے 13 مئی کے جلسے میں رکاوٹ ڈالی تو کسی بھی قسم کی بدمزگی کی ذمے دار حکومت پنجاب ہوگی۔ ضابطے کے مطابق ہم نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو 13 مئی کے جلسہ عام کی اجازت کے لیے باقاعدہ تحریری درخواست بھجوائی تھی لیکن افسوس کہ ڈپٹی کمشنر لاہور متحدہ مجلس عمل کے پُرامن جلسہ کے لیے اجازت دینے سے انکار کررہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ متحدہ مجلس عمل کو جلسہ عام کی اجازت دینے سے انکار کرکے پنجاب کے امن کو خراب کرنا چاہتی ہے۔ لاہور میں مینار پاکستان پر سیاسی جلسے ہمیشہ سے ہوتے آئے ہیں۔ ابھی کچھ دن پہلے تحریک انصاف نے بھی وہاں جلسہ کیا، ہمارے لیے یہ ناقابل فہم ہے کہ آخر متحدہ مجلس عمل کو کیوں مینار پاکستان پر جلسہ عام کی اجازت نہیں دی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ 13 مئی کو مینار پاکستان پر متحدہ مجلس عمل کا عظیم الشان تاریخی جلسہ ضرور ہوگا اور ہمارا یہ پروگرام پُرامن ہوگا۔ اگر حکومت نے جلسے میں بلاجواز رکاوٹ ڈالی تو پھر ہم پنجاب میں امن وامان کی ضمانت نہیں دے سکتے۔