لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف اور چودھری نثار کے درمیان اختلافات ختم کروانے کے لیے سینئر پارٹی رہنما سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چودھری نثار اب بھی میرے دوست ہیں اور بطور صدر ن لیگ انہیں پارٹی ٹکٹ دوں گا۔نواز شریف اور چودھری نثار کے درمیان اختلافات سے متعلق سوال پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ میں ابھی نہیں بتا سکتا لیکن دونوں کے درمیان صلح ہونی چاہیے۔صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور چودھری نثار کے درمیان اختلافات کے خاتمے کے لیے سینئر پارٹی رہنما سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کے درمیان کئی ماہ سے اختلافات چلے آ رہے ہیں جس کا چودھری نثار پریس کانفرنس میں اظہار بھی کر چکے ہیں۔خلائی مخلوق سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نہ کوئی خلائی مخلوق ہے اور نہ ہی کوئی خوفزدہ ہے، سب کو آئین اور قانون کا احترام کرنا چاہیے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرناچاہیے، قوم کا وقت ضائع نہ کریں اور جھوٹے الزامات نہ لگائیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کا ایک ایک لمحہ اور ایک ایک روپیہ قیمتی ہے، ہڑتالیں نہ کریں، لاک ڈاؤن نہ کریں اور دھرنے نہ دیں۔