نامزد امیدوار ورکرزکنونشن اورڈونرکانفرنس منعقد کریں ،شمس الرحمن سواتی

96

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی راولپنڈی کی ضلعی مجلس شوریٰ کااجلاس امیرضلع شمس الرحمن سواتی کی زیرصدارت الاکرام بلڈنگ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیاسی ،تنظیمی وتربیتی امورکا جائزہ لے کرآئندہ کیلئے پلاننگ کی گئی۔اس موقع پرامیرضلع نے عام انتخابات کیلیے نامزد امیدواران اورذمے داران کو ہدایت کی کہ وہ انتخابی مہم تیزتر کرتے ہوئے یونین کونسل سطح پرورکرزکنونشن کے علاوہ ماہ رمضان المبارک میں 30دن کا شیڈول مرتب کرکے افطارپروگرام اور قرآن فہی کورس کے علاوہ صوبائی حلقوں کی سطح پر خوشحال پاکستان ڈونر کانفرنسوں کاانعقاد بھی کریں ۔اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیہ ایڈووکیٹ،نائب امرائے ضلع راجہ محمدجواد،محمد وقاص خان ،امتیازعلی اسلم،ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام مجتبیٰ عباسی ،بزرگ رہنما ڈاکٹرمحمدکمال سمیت ضلع بھرسے منتخب اراکین شوریٰ اور امرائے تحصیل وزون شریک ہوئے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کی گود میں پروان چڑھنے والے احتساب سے بچنے کیلیے قومی اداروں پر حملہ آورہیں قومی سلامتی کو داؤ پر لگانے والے ملک وقوم سے مخلص نہیں ہوسکتے ۔ ملک اس وقت شدیدخطرات میں گھراہواہے، پاکستان کوذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھانے والے ہوش کے ناخن لیں۔انھوں نے کہاکہ سالہا سال سے کرپٹ مافیا ملک پرقابض ہوکرلوٹ مارکررہا ہے جس کے باعث عوام صاف پانی ،علاج ،تعلیم سے محروم ہیں ،شریف خاندان اورکرپٹ ٹولے کواپنی چھتری تلے جمع کرنے والے ملک وقوم کی تقدیرنہیں بدل سکتے عوام کوالیکشن میں اپنے بیلٹ کی قوت کرپشن سے پاک دیانت دارمتحدہ مجلس عمل کے پلڑے میں ڈالنی چاہیے تاکہ ان کی محرومیوں کاازالہ ہوسکے۔