مجلس عمل پاکستان کیخلاف سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی

139

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ 13 مئی کو مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ پاکستان کے نظریے کیخلاف بر سرپیکار قوتوں کے لیے شکست کا پیغام ہوگا۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی اسلامی شناخت اور عالمی برادری میں ملک کے وقار کیخلاف ہونے والی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ملک میں نظام مصطفےٰؐ کے نفاذ اور پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کا عزم رکھنے والوں کا جلسہ ثابت کرے گا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اور اسلام کے نام پر ہی قیامت تک قائم رہے گا۔ سیکولر اور لبرل ازم کا پرچار کرنے والوں کے ہاتھ شرمندگی کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی حلقے کے دورہ کے دوران کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک مسائل اور مشکلات میں گھرا ہوا ہے، ملکی سیاست تصادم کا شکار ہے، ایک طرف بیرونی دشمن ہم پر حملہ آور ہے اور دوسری طرف ہم اندرونی طور پر باہم دست و گریبان ہیں، جس کی وجہ سے پوری قوم پریشان ہے۔ موجودہ گمبھیر صورتحال سے عوام کو نکالنے اور 2018ء کے انتخابات کے لیے ایم ایم اے کی طرف سے ایک واضح قومی ایجنڈا دینے کے لیے ہم مینار پاکستان سے اپنی تحریک کا آغاز کررہے ہیں۔ متحدہ مجلس عمل ایک پلیٹ فارم ہے جو قوم کو وحدت کی لڑی میں پرو سکتا ہے اور پاکستان میں سیکولر ازم، لادینیت اور ظلم و جبر کے نظام کے خاتمے کے لیے محبان دین و وطن قوتوں کو متحد کرسکتا ہے۔ متحدہ مجلس عمل تمام دینی قیادت، ملک کی خوشحالی اور استحکام کے لیے کوشش کرنے والی جماعتوں اور ملک کے روشن مستقبل کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو اپنے ساتھ ملائے گی۔