لاہور میں ایم ایم اے کا جلسہ ملکی سیاست کا رُخ موڑ دے گا

232

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ آج ایم ایم اے کے زیر اہتمام مینار پاکستان لاہورکے تاریخی مقام پر ہونے والے جلسہ عام میں راولپنڈی ضلع کی تمام تحصیلوں اور قصبات و دیہات سے بھی عوام بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ اس سلسلے میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے ضلعی سیکرٹریٹ سید مودودی ؒ بلڈنگ میں منعقد ہونے والے ایم ایم اے کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں تنظیمی صورتحال کے علاوہ آئندہ انتخابات کے حوالے سے پارٹی پوزیشن اور مینار پاکستان لاہور کے جلسہ عام کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جماعت اسلامی، جمعیت علما اسلام (ف)، جمعیت علما پاکستان، مرکزی جمعیت اہلحدیث اور اسلامی تحریک کے رہنماؤں نے لاہور کے جلسے میں شرکت کے سلسلے میں اپنی اپنی تیاریوں کے بارے میں شرکا کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں منظور کردہ ایک قرار داد میں مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما اور متحدہ مجلس عمل صوبہ بلو چستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ابو تراب کی کئی مہینوں سے پُراسرار گمشدگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کا لاہور کا جلسہ ملکی سیاست کا رُخ موڑ دے گا۔ عوام کرپشن میں لت پت اور بہروپیوں سے تنگ آچکے ہیں۔ پارٹیاں بدل بدل کر آنے والوں کو لوگ اس دفعہ ووٹ کی پرچی سے مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دینی جماعتوں کے قائدین کا دامن صاف ہے۔ کسی دینی رہنما کا نام پاناما اور دوبئی لیکس میں نہیں آیا ہے۔ 2018ء کے انتخابات میں دینی جماعتوں کے ووٹ اکٹھے ہونے سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ ایم ایم اے ایک بڑی پارلیمانی قوت کے طور پر ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کرے گی۔