خوشحال مستقبل کی امیدیں نوجوانوں سے وابستہ ہیں، عظیم بلوچ

134

جھڈو (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر عظیم بلوچ نے کہا ہے کہ آج کا نوجوان ناامیدی کو امید میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، خوشحال مستقبل کی امیدیں نوجوانوں سے وابستہ ہیں، تبدیلی کے ہر اول دستے میں نوجوانوں نے فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے، خوشحال اسلامی اور ترقی یافتہ پاکستان بنانے کے لیے جی آئی یوتھ کے پلیٹ فارم سے آج کے نوجوان نے پھر سے جدوجہد کا آغاز کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جھڈو میں جے آئی یوتھ نوکوٹ اور جھڈو کے نومنتخب عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع میرپور خاص کے امیر افضال آرائیں، تحصیل جھڈو کے امیر ڈاکٹر شمشاد علی خان اور مقامی امیر حافظ عابد الرحمن بھی موجود تھے۔ حلف برداری کی تقریب میں شہریوں اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو بنانے میں بھی نوجونوں نے کردار ادا کیا تھا اور اب پاکستان کو بچانے کے لیے بھی آج کا نوجوان میدان عمل میں کھڑا ہے۔ جماعت اسلامی ان نوجوانوں کی پشتیبان بنے گی۔ آج کا نوجوان لاتعداد مسائل کا شکار ہے، جن میں بے روزگاری، میرٹ کا قتل، کرپشن، تعلیمی اداروں اور تعلیمی سہولیات کی عدم فراہمی شامل ہے۔ ملک کا 62 فیصد ہونے کے باوجود نوجوانوں سے متعلق سرکاری سطح پر کوئی پالیسی موجود نہیں ہے۔ جماعت اسلامی یوتھ نوجوانوں کو بے راہ روی سے نکال کر ان کی صلاحتوں کو مقصدیت اور تعمیری کاموں کی طرف موڑے گی اور آنے والے وقت میں ان نوجوانوں میں کردارانہ کردار کو فروغ دے گی تاکہ ہم اسلامی انقلاب جیسے مقصد کر حاصل کرسکیں۔