کرنل جوزف کو فوری حکومتی تحویل میں لیا جانا چاہیے، میاں مقصود

131

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پاکستانی نوجوان کو کچلنے والے کرنل جوزف کی ملک سے فرار کی کوشش تشویشناک ہے، اسے فوری حکومتی تحویل میں لیا جانا چاہیے۔ بروقت کارروائی کرتے ہوئے کرنل جوزف اور امریکی سفارتخانہ کی ملی بھگت کو سیکورٹی اداروں کی جانب سے ناکام بنانا خوش آئند ہے، جسے پوری قوم سراہتی ہے اور امید کا اظہار کرتی ہے کہ حکومت بھی مضبوط پاؤں پر کھڑی ہوکر اس ساری صورتحال سے نبرد آزما ہوگی۔ حکمرانوں کی طرف سے اس حوالے سے دلیرانہ مؤقف اختیار کیا جانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا دوست کے روپ میں دشمن ہے۔ اس نے ہمیشہ اپنے مفادات کا تحفظ کیا ہے۔ نائن الیون کے بعد جس انداز میں پاکستان نے فرنٹ لائن اتحادی بن کر امریکا کا ساتھ دیا اور لازوال قربانیاں دیں، المیہ یہ ہے کہ ان قربانیوں کا اعتراف عالمی سطح پر اس طرح نہیں ہوا جس طرح ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ حکومت کی جانب سے مسلسل دباؤ بڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ڈومور کا مطالبہ ہنوز جاری ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان امریکا کے ساتھ آقا اور غلام کی پالیسی کو ترک کرکے برابری کی سطح پر تعلقات کو استوار کرے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں اور موجودہ حکمرانوں نے امریکی غلامی میں تمام حدیں پھلانگ لی تھیں جس کا خمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے۔ ہمیں امریکا کے آگے جھکنے کی ضرورت نہیں۔ پاکستان اور اس کے عوام بغیر کسی بیرونی امداد کے بھی رہ سکتے ہیں۔ 1998ء کے ایٹمی دھماکوں کے بعد اقتصادی پابندیوں کا جواں مردی سے اس قسم کے حالات کا ہم سامنا پہلے بھی کرچکے ہیں اور آئندہ بھی امریکی امداد کے بغیر جی سکتے ہیں۔ پاکستان کی غیور قوم امریکی ٹکڑوں پر پلنے والے حکمرانوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ 2018ء کے انتخابات میں عوام امریکی غلام حکمرانوں کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں اسلامی نظام کے سوا کوئی نظام کامیاب نہیں ہوسکتا۔ متحدہ مجلس عمل ملک وقوم کو کرپٹ، ظالم اور امریکی کاسہ لیسی کا دم بھرنے والے حکمرانوں سے نجات دلاکر محب وطن قیادت فراہم کرے گی۔