کرنل جوزف کوامریکا کے حوالے کرنا غلامی کی بدترین مثال ہے،میاں مقصود

140

لاہور(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ پاکستانی نوجوان کو شہید کرنے والے امریکی کرنل جوزف کو خصوصی طیارے سے ملک سے باہر جانے کی اجازت دیناتشویش ناک اور قابل مذمت ہے۔امریکی جاسوس ریمنڈڈیوس کے بعد حکومت نے ایک مرتبہ پھر امریکا کے سامنے گھٹنے ٹیک کرملک وقوم کی عزت ،وقار کومجروح کیا ہے۔کرنل جوزف کو امریکا کے حوالے کرناشرمناک اور غلامی کی بدترین مثال ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک کو انتشار اور افراتفری کی طرف لے جایاجارہاہے۔سیاسی عدم استحکام ملکی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔اگر صورتحال پر جلد قابونہ پایاگیا تو انتخابات التوا شکار ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت سنگین صورتحال سے دوچار ہے۔اداروں کے درمیان ٹکراؤکی پالیسی خطرناک ثابت ہو گی۔تمام اداروں کو ایک دوسرے کااحترام کرنا چاہیے اوراپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کاسامنے آنے والاانٹرویوملکی سلامتی کے لیے سب سے بڑاخطرہ بن چکا ہے ۔تین باروزیر اعظم رہنے و الے شخص کوقومی سلامتی پر گفتگوکرتے ہوئے ملکی مفادات کوملحوظ خاطررکھنا چاہیے۔ملکی عزت،وقار، سلامتی اور دفاع کوداؤپر لگانے والے کیسے محب وطن ہوسکتے ہیں؟۔انہوں نے کہاکہ وفاقی بجٹ کی طرح صوبائی بجٹ نے بھی عوام کو شدیدمایوس کیا ہے۔ تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جانا چاہیے تھا۔موجودہ اضافہ اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔حکمران ہرمحاذ پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی صوبے میں مہنگائی کاطوفان آچکاہے۔اشیاخورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ملک میں پہلے ہی غربت نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ اس وقت 40فیصدسے زائد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔انہیں دووقت کی باعزت روٹی میسر نہیں۔ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ نااہل کرپٹ حکمرانوں سے چھٹکارا حاصل کرکے ملک کی باگ ڈورصالح،ایمانداراور محب وطن قیادت کو سونپی جائے۔