عنایت اللہ خان نے محکمہ بلدیات میں شفافیت کو یقینی بنایا

174

پشاور (وقائع نگارخصوصی)سابق سینئر وزیر بلدیات و پارلیمانی لیڈ رجماعت اسلامی عنایت اللہ خان کے اعزاز میں لوکل گورنمنٹ آفیسر ز ایسوسی ایشن کی طرف سے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں صوبہ بھر کے ٹی ایم اوز ، انجینئرز ، اکاؤنٹس آفیسرز اور پی یو جی ایف اور نان پی یو جی ایف ملازمین نے شرکت اور عنایت اللہ خان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضر حیات ، چیف انجینئر بلدیات اصغر خان ، صدر آفیسر ایسوسی ایشن احسان اللہ خان ، سینئر نائب صدر عالم زیب خان ،ڈپٹی سیکرٹری میاں شفیق الرحمن اوراورنگزیب خان و دیگر اعلیٰ حکام بھی موجو دتھے ۔ اس موقع پر مقررین نے عنایت اللہ خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ عنایت اللہ خان نے محکمہ بلدیات میں شفافیت کو یقینی بنانے ، ریونیومیں اضافہ ، انجینئر ز برانچ کا قیام ، بلدیاتی انتخابات اور اختیار ات اور فنڈز کی نچلی سطح پر منتقلی ، عوامی شکایات کے ازالہ کے لیے اقدامات ، آن لائن ٹینڈرنگ ، آن لائن ٹھیکوں کی نیلامی اور دیگر اقدامات اٹھائے جس سے نہ صر ف شفافیت کو یقینی بنایا گیا بلکہ محکمے کی عزت اور وقار میں بھی اضافہ کیا ۔انہوں نے محکمہ بلدیات کے سیکرٹریز اور آفیسر ز کے ساتھ دوستانہ تعلقات ، انڈراسٹینڈنگ رہی اور تمام ملازمین کو ذاتی پسند ناپسند کے بجائے صلاحیتوں کی بنیاد پر جگہ دی ۔ انہوں نے کہاکہ عنایت اللہ خان نے محکمہ بلدیات کے ملازمین کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی ہے اور امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی ہماری اخلاقی اور انتظامی سپورٹ جاری رکھیں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے کہا کہ ہم لوگوں کے مفاد کے لیے کام کرتے رہے ہیں ہمارا کوئی ذاتی مفاد اس میں شامل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے دور میں بہت سی اصلاحات ہوئی ہیں لیکن بہت سی چیزیں رہ گئی ہیں جس کو ہم کرنا چاہتے تھے لیکن یہ ایک ارتقائی اور ابتدائی مرحلہ ہے اور محکموں کے ٹھیک ہونے میں وقت لگتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ بلدیات ایک طاقتور محکمہ ہے جو حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کر سکتی ہے ۔ ہم نے محکمہ بلدیات کی عزت و وقا رمیں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے بلدیاتی انتخابات کا تسلسل ناگزیر ہے بلدیاتی اداروں کو تسلسل ملے گا تو ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی اور سیاست کو نیا خون بھی ملتا رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ 70 برسوں میں پاکستان بننے کے بعد مقامی حکومتوں کو جتنا فنڈز ملا ہے اس سے زیادہ ہم نے گزشتہ تین سالوں میں مقامی حکومتوں کو دیا ہے جو کہ 80 ارب روپے بنتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سب سے مضبوط اور بہترین بلدیاتی نظام ہم نے دیا ہے جس کو عالمی اداروں نے بھی سراہا ہے میں اس نظام کا مستقبل بہتر دیکھ رہا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کے ملازمین کے لیے سروس اسٹرکچر ضروری ہے جس پر ہم نے بہت کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام آفیسرز اور ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے وژن کو لے کر ساتھ دیا اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں ہماری مدد کی ۔ تقریب کے اختتام پر سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضر حیات اور آفیسر ز ایسوسی ایشن کے صدر احسان اللہ خان نے عنایت اللہ خان کو شیلڈ پیش کیے۔