اسلام کا تمسخر اڑانے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جاسکتی،فاروق اعظم

162

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ زرعی یونیورسٹی کے ناظم فاروق اعظم،جنرل سیکرٹری محموداحمد،فیض میر،حافظ افزازنے رمضان المبارک کے مہینے میں بے ہودہ پروگرامات کی بندش کوخوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی جانب سے تمام الیکٹرونک میڈیا کو پیمراکے ذریعے کوڈ آف کنڈکٹ کا پابند بنانا، رمضان کے دوران ٹی وی چینلز پر نیلام گھر اور سرکس لگانے پر پابندی کو طلبہ و طالبات نے بھرپور سہراہاہے۔فاروق اعظم نے کہاکہ اسلام کا تمسخر اڑانے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مغربی کلچر اور ہندوانہ تہذیب کوفروغ دیتے ہوئے ملک کے اسلامی تشخص کو مجروح کرنے کے لیے معاشرے میں بے حیائی کو عام کیا جارہا ہے۔ اس اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بدقسمتی سے دیگر امور میں ناکامیوں کی طرح اسلامی شعائرکے تحفظ میں بھی حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ حکومت وقت کی ذمے داری ہے کہ وہ اسلامی عقائد کاتحفظ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز پر بے حیائی کا سیلاب امڈ آیا ہے، جس سے معاشر ہ تباہ و برباد ہو رہا ہے۔ ساراسال ناچنے اور گانے والے رمضان المبارک کی نشریات میں سرپر دوپٹہ اوڑھ کر شلوار قمیض اور واسکٹ پہن کر ایک نیاروپ دھار لیتے ہیں اور عوام کو دین سکھانے لگتے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ایسے کرداروں کی نفی مثبت اقدام ہے۔