قوم کو نیا نہیں کرپشن سے پاک اسلامی پاکستان کی ضرورت ہے

160

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدواراین اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے مینار پاکستان پر ہونے والے متحدہ مجلس عمل کے جلسہ کی کامیابی پر کارکنوں اور قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہل پنجاب نے فیصلہ سنا دیا ہے،قوم کو نیا پاکستان نہیں بلکہ کرپشن سے پاک اسلامی پاکستان کی ضرورت ہے ، دینی جماعتوں پر قوم نے اپنے اعتماد کا اظہار کر کے ثابت کر دیا ہے کہ نظام مصطفی کے علاوہ پاکستان میں کسی اور نظام کی ظرورت نہیں ،متحدہ مجلس عمل اگلے الیکشن میں ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی ۔جلسہ سے واپسی پر المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر ہونے والے جلسہ پاکستان کے نظریے کے خلاف بر سرپیکار قوتوں کے ایک پیغام ہے ۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی اسلامی شناخت اور عالمی برادری میں ملک کے وقار کے خلاف ہونے والی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔ملک میں نظام مصطفےٰؐ کے نفاذ اور پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کاعزم رکھنے والوں کے جلسہ نے ثابت کردیا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بناتھا اور اسلام کے نام پر ہی قیامت تک قائم رہے گا ۔ سیکولر اور لبرل ازم کا پرچار کرنے والوں کے ہاتھ شرمندگی کے سوا کچھ نہیں آئے گا ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک مسائل اور مشکلات میں گھرا ہواہے ، ملکی سیاست تصادم کا شکار ہے ، ایک طرف بیرونی دشمن ہم پر حملہ آور ہے اور دوسری طرف ہم اندرونی طور پر باہم دست و گریبان ہیں جس کی وجہ سے پوری قوم پریشان ہے ۔ موجودہ گھمبیر صورتحال سے عوام کو نکالنے اور 2018 ء کے انتخابات کے لیے ایک واضح قومی ایجنڈا دینے کے لیے ایم ایم اے نے مینار پاکستان سے اپنی تحریک کا آغاز کردیا ہے ۔ متحدہ مجلس عمل ایک پلیٹ فارم ہے جو قوم کو وحدت کی لڑی میں پرو سکتاہے اور پاکستان میں سیکولر ازم ، لادینیت اور ظلم و جبر کے نظام کے خاتمہ کے لیے محبان دین و وطن قوتوں کو متحد کر سکتاہے ۔