اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 60 فلسطینیوں کی شہادت قابل مذمت ہے، میاں مقصود

181

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور صوبائی امیر جماعت اسلامی میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کیے جانے کیخلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پراسرائیلی فوج کی اندھادھند فائرنگ سے 60 افراد کی شہادت عالمی برادری کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت اور امن کے علمبردار ممالک، این جی اوز کے منہ پر طمانچہ ہے۔ غزہ میں صیہونی دہشت گردی کو امریکا سمیت دیگر اسلام دشمن قوتوں کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امریکا کی جانب سے اسرائیلی مظالم کیخلاف قرار داد کو ویٹو کرنا اس بات کی عکاسی ہے کہ اس دہشت گردی کے پیچھے امریکا کا ہی ہاتھ ہے۔ سازش کے تحت امریکی سفارتخانے کو بیت المقدس منتقل کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم سے لے کر صدارت کا حلف اٹھانے اور عالمی معاملات پر امریکی پالیسیاں ترتیب دینے تک ہر مرحلے پر اسلام اور مسلمانوں سے نفرت اور تعصب کا مظاہرہ کیا ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ اس ساری صورتحال پر عالمی برادری کو اعتماد میں لے۔ دنیا کو تیسری صلیبی جنگ کی طرف لے جایا جارہا ہے۔ دنیا بھر میں دہشت گردی کو سب سے زیادہ سپورٹ کرنے والا امریکا اور اس کے اتحادی ہیں۔ اگر امریکا، اسرائیل اور بھارت پُرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ چھوڑ کر پُرامن ہوجائیں تو پوری دنیا امن وآشتی کا گہوارہ بن جائے گی۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کئی بار فلسطینیوں کے لیے ایک الگ ریاست کے حق میں قرار دادیں منظورکرچکی ہے جبکہ اسرائیل نے کسی کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتا چلا آرہا ہے۔ عالمی برادری نے اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کیخلاف متحد ہو کر اقدام نہ اٹھایا تو اسے اپنے مذموم عزائم کو آگے بڑھانے کی شہ ملے گی۔ مسلم دشمن قوتیں اسلام اور مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتی ہیں۔ او آئی سی اور عرب لیگ کو اس حوالے سے حقیقی معنوں میں مظلوم مسلمانوں کے حق میں بولنا چاہیے اور اسلام دشمن قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے اقدامات کرنے چاہییں۔ وقت آگیا ہے کہ اتحاد امت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کفار کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے۔