عالمی برادری اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل کا نوٹس لے، سینیٹر مشتاق خان

166

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی برادری اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کا نوٹس لے۔ المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کیخلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے60 سے زائدفلسطینیوں کی شہادت اور دو ہزار سے زائد زخمی ہونے کی شدید مذمت کی ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ظلم و جبر اور قتل عام کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور اسرائیل کی وحشت اور درندگی رکوانے کے لیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی اور امریکا کی اسرائیل کی سرپرستی سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ امریکا نے سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کو پاؤں تلے روند ڈالا ہے اور عالم اسلام کے اوپر براہ راست حملہ کیا ہے۔ بیت المقدس ایک ارب ستر کروڑ مسلمانوں کے دلوں کی دھڑکن ہے۔ فلسطین اور بیت المقدس عالم اسلام میں خون کی طرح گردش کررہے ہیں۔ عالم اسلام کے مسلمان فلسطین کی ایک انچ زمین سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوسکتے۔ بیت المقدس فلسطینیوں کا دارالحکومت اور پوری امت مسلمہ کی ملکیت ہے، فلسطینی عوام، بچوں، خواتین اور حریت پسندوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اسرائیل کے ریاستی جبر اور دہشت گردی کیخلاف ان کی جدوجہد پوری دنیا کے لیے مثال ہے۔ اسرائیل انسانیت کیخلاف جرائم اور ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کررہا ہے۔ عالم اسلام کے حکمرانوں کی خاموشی شرمناک اور ناقابل معافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی اپنی سرزمین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کیخلاف گزشتہ 70 سال سے احتجاج کررہے ہیں مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور اب امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل ہونے سے اسرائیل کی درندگی اور وحشت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے عالم اسلام سے بھی مطالبہ کیا کہ اس مسئلے پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے اور اسرائیلی مظالم کا شکار فلسطینیوں کی فوری امداد اوراسرائیل کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔