رمضان میں پولیس افسران و اہلکاروں کے عمرے کی ادائیگی پر پابندی 

197

کراچی (رپورٹ: محمد انور) سندھ پولیس نے رمضان المبارک میں پولیس افسران اور ماتحت عملے کو عمرے کی ادائیگی کے لیے چھٹیاں دینے پر پابندی عاید کردی ہے۔ اس ضمن میں سندھ پولیس کے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ جاوید علی بخاری نے سرکلر جاری کردیا ہے جو تمام ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کو بھیجا گیا ہے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ چونکہ رمضان المبارک میں سیکورٹی کے مؤثر انتظامات کی ضرورت ہوتی ہے اس لیے فیلڈ میں موجود کسی افسر اور اہلکار کو عمرے کی ادائیگی کے لیے چھٹیاں نہیں دی جاسکتی ہیں۔ سرکلر جاری کرنے والے ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ اس حکم کے بعد کسی بھی افسر کی ایکس پاکستان لیو کی درخواست نہیں بھیجی جائے۔ یاد رہے کہ سندھ پولیس کی کل نفری کی ایک چوتھائی تعداد کے بارے میں یہ تاثر عام ہے کہ وہ نصف تنخواہوں کے عوض گھروں پر رہ کر گھوسٹ ملازم کی حیثیت سے ریکارڈ پر موجود ہے۔ اگر ان تمام کو دیوٹی پر طلب کرلیا جائے تو ایک درجن خواہشمند افسران و اہلکاروں کو عمرے کی ادائیگی کے لیے چھٹیاں دی جاسکتی ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جب کراچی سمیت صوبے میں امن و امان کی فضا خراب تھی تب بھی عمرے کی ادائیگی کے لیے چھٹیاں بند نہیں کی جاتی تھیں۔ واضح رہے کہ سندھ پولیس کے کل ملازمین معہ افسران کی تعداد تقریباً ایک لاکھ 5 ہزار 8 سو34 ہے جن میں فورس سے تعلق رکھنے والوں کی درست تعداد کا پتا نہیں چل سکا کیونکہ سندھ پولیس کی ویب سائٹ کی کچھ فائلیں بھی” کرپٹ”ہوچکی ہیں۔