باریاں لگانے اور باری کا انتظار کرنے والے ایک ہی کھوٹے سکے کے دورخ ہیں

146

راولپنڈی(وقائع نگارخصوصی)متحدہ مجلس عمل وجماعت اسلامی کے ضلعی سربراہ شمس الرحمن سواتی نے کہاہے کہ باریاں لگانے اور باری کا انتظار کرنے والے ایک ہی کھوٹے سکے کے دورخ ہیں چلے ہوئے کارتوسوں او رکرپٹ ٹولے کوایک کے بعد دوسرے جھنڈے کے نیچے جمع کرنے سے تبدیلی نہیں آئے گی ،مینارپاکستان لاہورمیں متحدہ مجلس عمل کے عظیم الشان جلسہ عام نے ایک نئی تاریخ مرتب کی ہے، ایم ایم اے دوسری نہیں متبادل قوت اورعوام کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے قوم کی خواہش تھی کہ دینی جماعتیں آپس میں متحد ہوں جسے قائد ین نے پورا کردیا،موجو دہ الیکشن پسے ہوئے غریب طبقات کے منہ سے نوالا چھیننے اور پاکستان کوامریکا کی کالونی بنانے والوں کا یوم حساب ہوگا ،کرپٹ بے حمیت حکمران چند گھنٹے امریکا کا پریشر برداشت نہ کرسکے اور پاکستانی طالب علم عتیق کے امریکی قاتل جوزف کوملک سے فرارکروادیا ۔ جے آئی یوتھ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ ہمارے مقابلے میں عالمی اسٹیبلشمنٹ اور استعماری قوتیں ہیں جو پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتیں ،یہ قوتیں حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اپنی مٹھی میں رکھتی ہیں تاکہ ایک ناکام ہوتو دوسرے کو اپنا آلہ کار بناسکیں ۔ملک کو اسلامی و خوشحال اورفلاحی ریاست بنانے کیلیے نوجوانوں کو اپنی ذمے داریاں پوری کرنی ہوں گے پاکستان کے باصلاحیت نوجوان کسی بھی بڑی انقلابی تحریک کوکامیاب بنانے اور ملک کواندھیروں سے نکالنے کی صلاحیت اورقوت رکھتے ہیں ۔