حکومت نے امریکا کے سامنے گھٹنے ٹیک کر ملکی وقار مجروح کیا

160

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے پاکستانی نوجوان کو گاڑی سے کچل کر ہلاک کرنے والے امریکی کرنل جوزف کو خصوصی طیارے سے ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کے بعد حکومت نے ایک مرتبہ پھر امریکا کے سامنے گھٹنے ٹیک کر ملک وقوم کی عزت، وقار کو مجروح کیا ہے۔ کرنل جوزف کو امریکا کے حوالے کرنا شرمناک اور غلامی کی بدترین مثال ہے۔ حکمرانوں نے چند ڈالروں کی بھیک کے لیے پاکستان کا وقار دنیا بھر میں داؤ پر لگا دیا ہے۔ حکمران امریکا کے آگے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں جو ایک ایٹمی طاقت رکھنے والے ملک کے شایان شان نہیں۔ امریکا جب چاہتا ہے ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جس کو چاہے نشانہ بناتا ہے، اگر حکمرانوں کے اندر کوئی غیرت اور حمیت ہوتی تو وہ کرنل جوزف کو امریکا کے حوالے کرنے کے بجائے امریکا سے نہ صرف شدید احتجاج کرتے بلکہ اس سے تعلقات توڑنے کی دھمکی بھی دیتے مگر امریکی کاسہ لیس حکمران دم سادھے بیٹھے ہیں، امریکی خوف سے تھر تھر کانپتے حکمرانوں نے قومی غیرت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ اتنی قربانیاں خود امریکا نے دہشت گردی کیخلاف نام نہاد جنگ میں نہیں دیں جتنی پاکستان کے عوام نے دی ہیں۔ پاکستان کسی بھی ملک کی ذیلی ریاست نہیں بلکہ ایک خود مختار ملک ہے۔ چند ڈالروں کے عوص حکمرانوں نے اپنی تجوریاں بھرنے کے لیے ملک و قوم کو نام نہاد امریکی جنگ کی آگ میں جھونک دیا ہے۔