ہوشربا مہنگائی نے مضان کی آمد سے قبل ہی عوام کو پریشان کردیا

185

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114 کے امیر میاں زبیر لطیف، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم، نائب امیر عبدالستار بیگا، رانا نعیم اکرم اور دیگر نے کہا ہے کہ فیصل آباد شہر اور گردونواح میں ہوشربا مہنگائی نے مضان کی آمد سے پہلے ہی عوام کو پریشان کردیا ہے اور عوام مہنگی اشیا خریدنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے شہریوں میں بے چینی، اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ موجودہ حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور پیٹرول، مرغی کی قیمتوں میں اضافہ اور اب اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو مزید مہنگائی کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔ سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور حکومت بے بس اور لاچار دکھائی دیتی ہے حتیٰ کہ اتوار بازاروں میں بھی عوام کو سستی اور معیاری اشیا میسر نہیں۔ حکومت اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے نرخ تو مقرر کر دیتی ہے لیکن ان پر عملدرآمد کرانے پر کوئی توجہ نہیں، چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کی وجہ سے گراں فروشی عروج پر ہے۔