پا نچ وقت آذان نشر کرنے کے احکامات کی خلاف ورزی پر 45 ٹی وی چینلز کو انتباہ۔

313

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ٹی وی چینلز پر پانچ وقت آذان نشر کرنے کے احکامات کی خلاف ورزی پر 45 ٹی وی چینلز کو حتمی انتباہ جبکہ غیر ملکی مواد کی نشریات پر پابندی کے احکامات کی خلاف ورزی پر 5 ٹی وی چینلز کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دیئے۔

پیمرا نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جاری کردہ احکامات، جن کے تحت تمام سیٹلائٹ ٹی وی چینلز پر پانچ وقت آذان نشر کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا، کی خلاف ورزی پر 45 ٹی وی چینلز کو حتمی انتباہ جاری کرتے ہوئے عدالت عالیہ کے احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

بصورت دیگر تمام چینلز کو مطلع کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں مزید کسی تاخیر کے چینل کے لائسنس کی معطلی کے لیے کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دریں اثناء اسلام آباد ہائی کورٹ کے مذکورہ فیصلے کے تحت عدالت عالیہ نے ماہ رمضان میں تمام ٹی وی چینلز کو غیر ملکی مواد بالخصوص ’بھارتی‘ مواد نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔

عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے’جیو کہانی اور ’فلمیزیا‘ نے یکم رمضان کو بھارتی ڈرامے نشر کیے، جن پر پیمرا نے دونوں چینلز کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے غیر ملکی مواد فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید برآں اتھارٹی نے اے آر وائی ڈیجیٹل، ٹی وی ون اور بول نیوز پر عدالتی احکامات کے برخلاف ’لاٹری شوز‘ دکھانے پر اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے مذکورہ پروگرام فوری بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

پیمرا نے تمام چینلز کو فوری طور پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے 25 مئی 2018 کو جواب کے ہمراہ ذاتی شنوائی کے لیے طلب کیا ہے۔