حکومت پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرے، میاں مقصود

134

لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیئرمین پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن پنجاب چودھری احسان اللہ سدھو کی سربراہی میں وفد نے صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد، صوبائی نائب امیر مولانا جاوید قصوری، صوبائی جنرل سیکرٹری بلال قدرت بٹ، صوبائی میڈیا آرگنائزر فاروق چوہان سے خصوصی دعوت پر تعلیم یافتہ پیرامیڈکس پنجاب کے ساتھ اتائیت کی آڑمیں موجودہ پیش آنے والی مشکلات اور انکے حل پر خصوصی ملاقات کی۔وفدنے ملاقات میں چیئرمین PPMSA نے الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے تمام شعبہ جات کے تعلیم یافتہ طبقے پر ناانصافیوں پر مبنی ڈھائے جانے والے ظلم کے مختلف طریقوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والے استیصال پر تفصیلی مکمل بریفنگ دی۔ متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے خصوصی توجہ دیتے ہوئے تمام معاملات کو پنجاب اسمبلی، قومی اسمبلی و سینیٹ سمیت ہر محاذ پر اپنی جماعت کی جانب سے خصوصی تعاون اور رہبری کا اعلان کرتے ہوئے اپنے صوبائی دفتر کی تمام خدمات دینے کا اعلان کیا۔ وفد میں شامل میاں احمد فاروق، شیخ محمد اشتیاق، طاہراقبال بیگ، شہباز اتفاق خان اور حافظ شہزاد حسین نے اپنے خیالات کا مختلف زاویوں سے اظہار کیا، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے امیر صوبہ پنجاب میاں مقصود احمد نے حالات کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور ہر فورم پر پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کی آواز بننے کا یقین دلایا۔ اجلاس کے اختتام پر میاں مقصود احمد نے پیرامیڈکس پاکستان کو اپنے حقوق کی جنگ کے لیے ایک بامقصد بیانیے ’’تعلیم کو عزت دو‘ تعلیم یافتہ اور غیر تعلیم یافتہ طبقے میں تقریق کرو‘‘ قانون کا پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں پر مساوی اطلاق، جدوجہد کے لیے محنت کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم پر یکجہتی پیدا کرنے کا مشورہ دیا۔ میاں مقصود احمد نے کہا کہ حکومت کا یہ المیہ ہے کہ اس نے دیگر شعبہ جات کی طرح شعبہ صحت کو بھی نظر انداز کر رکھا ہے۔ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں۔ سرکاری اسپتالوں کی حالت اور عوام کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک کو دیکھ کر حکمرانوں کی بدترین کارکردگی سامنے آجاتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کو شدید مایوس کیا ہے۔ دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کا فقدان ہے۔ غریب عوام کے پاس سکت نہیں کہ وہ بڑے شہروں کا رخ کرسکیں۔ زندہ رہنے کی کشمکش میں کئی معصوم زندگیاں فوری طبی امداد کی عدم فراہمی کے باعث لقمہ اجل بن جاتی ہیں۔