موجودہ حالات میں پوری قوم کیلیے جماعت اسلامی امید کی کرن ہے

125

پشاور(وقائع نگارخصوصی)سابق سینئر وزیر بلدیات و پارلیمانی لیڈ رجماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پوری قوم کے لیے جماعت اسلامی امید کی کرن ہے ۔جماعت اسلامی صلاحیت ، دیانت اور جمہوری روایات کے لیے مثالی جماعت ہے ۔2018ء کے الیکشن کرپٹ،ظالم اور غیر ملکی ایجنڈے کو آگے بڑھانے والے حکمرانوں کے لیے عبرت کانشان ثابت ہوں گے۔22کروڑ عوام حکمرانوں کی مایوس کن کارکردگی پر اپنے ووٹ کے ذریعے انہیں مسترد کردیں گے اوران شاء اللہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے پاکستان میں اسلام پسند قوتیں برسراقتدار آئیں گی۔ایم ایم اے نے ماضی میں بھی عوام کو مایوس نہیں کیا تھا اور آئندہ بھی مایوس نہیں کرے گی۔دینی جماعتوں کی قیادت کادامن ہرقسم کی کرپشن سے پاک ہے۔عوام میں سیاسی شعور بیدار ہوچکا ہے۔عوام بخوبی سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو محب وطن ، باکردار اور ایمان دار قیادت ہی آگے لے کر چل سکتی ہے ۔ ملک وقوم کا سب سے بڑاالمیہ صالح قیادت کافقدان ہے۔وہ دیر بالا میں مختلف اجتماعات سے خطا ب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی دیر بالا حنیف اللہ ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔ عنایت اللہ خان نے کہاکہ 1970ء سے جمہوری آواز کے بعد دیر جماعت اسلامی کا گڑھ رہا ہے اور جماعت اسلامی عوا م کی خدمت میں مصروف عمل ہے ۔ہم نے دیر کو خوبصورت اور ترقی یافتہ بنانے کا عزم کر رکھا ہے ۔ قوم اگر پاکستان کو ترقی کے راہ پر گامزن کرکے امن و روزگار چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ جماعت اسلامی کے پاس مستقبل کا خاکہ اور وژن موجود ہے اور پوری قوم نے جماعت اسلامی سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں ۔ ملک میں مستقبل جماعت اسلامی کا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کامیاب ہو کر صوبہ خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں حکومت بنائے گی ۔