بلوچستان میں مصنوعی بارش بر سانے کا فیصلہ

431

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان حکومت نے خشک سالی کے خاتمے کیلیے روسی ماہرین کو صوبے کے مختلف علاقوں میں آزمائشی بنیادوں پر مصنوعی بارش برسانے کی منظوری دیدی ہے۔ پہلے مرحلے میں گوادر میں سنوڑ ڈیم اورآکڑہ کور ڈیم پر مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے روسی کمپنی کلائمیٹ گلوبل کنٹرول ٹریڈنگ کمپنی کے سی ای او مسٹر میکسم لاورو (maxim lavrov) نے اپنے وفد کے ساتھ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو سے
ملاقات کی اور انہیں مصنوعی بارش برسانے کے سائنسی طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی۔ واضح رہے کہ وفد نے گزشتہ دنوں بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے انہیں صوبے میں خشک سالی کے تدارک کے لیے بلوچستان کے واٹر سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے اور تکنیکی معاونت کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہا کیا تھا۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ سے گزشتہ ملاقات میں طے پائے جانے والے امور کے تحت صوبے کے آبی ذخائر کی ترقی، نئے آبی ذخائر کی تعمیر اور پانی کے تحفظ کے لیے جدید سائنسی طریقوں کے استعمال کے امکانات کا جائزہ لیا ہے اور ابتدائی طور پر گوادر کے 2 ڈیموں پر مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ کیا جائے گا۔ا نہوں نے بتایا کہ جدید سائنسی طریقہ کار کے تحت سمندر کے اوپر بادل بناکر انہیں کسی بھی علاقے کے اوپر لے جاکر برسایا جاسکتا ہے اور ان کی کمپنی بلوچستان میں سالانہ 300 ملی میٹر مصنوعی بارش برسانے کے صلاحیت رکھتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے مصنوعی بارش برسانے کے طریقہ کار میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ صوبائی محکموں کو کمپنی کے ساتھ اشتراک کا عمل آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں میں کمی کے باعث بلوچستان میں خشک سالی ہے جس سے مالداری اور زراعت کے شعبے پانی کی کمی کے باعث تنزلی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی بارش برساکر خشک سالی کا خاتمہ اور زراعت اور مالداری کے شعبوں کو ضرورت کے مطابق پانی فراہم کیا جاسکتا ہے۔ غیر ملکی کمپنی نے ماہی گیری کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کااظہارکیا۔ کمپنی کے سی ای اونے بتایا کہ ان کی کمپنی ماہی گیری کے شعبے میں کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتی ہے جس میں موٹر بوٹ اور چھوٹی کشتیوں کی تیاری سمیت ماہی گیروں کو جدید سہولتوں کی فراہمی، فش پروسیسنگ اور پیکنگ یونٹوں کا قیام بھی شامل ہے اور ان کی کمپنی اس شعبہ میں 70 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرسکتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے سرمایہ کاری کی پیش کش کا خیرمقدم کرتے ہوئے محکمہ ماہی گیری کو ہدایت کی کہ کمپنی کے ساتھ سرمایہ کاری کے امور کو حتمی شکل دی جائے تاکہ گوادر، پسنی، اورماڑہ، جیونی سمیت دیگر ساحلی علاقوں کے ماہی گیر جدید سہولتوں سے استفادہ کرسکیں۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی بلال خان کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری پی ایچ ای اور سیکرٹری ایریگیشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔