سوشل میڈیا پرکراچی کی گرمی ٹاپ ٹرینڈ، درخت لگانے کی مہم شروع

376

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)کراچی میں آج مسلسل تیسرے روز بھی شدید گرمی رہی، پارہ تینتالیس ڈگری تک پہنچ گیا، سوشل میڈیا پر بھی کراچی کی گرمی ٹاپ ٹرینڈ ہے جہاں شہر میں درخت لگانے کی مہم شروع کردی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر بھی کراچی کی قیامت خیز گرمی کا راج ہے ، لوگ اپنے اپنے گرمی کے تجربات ، تصاویر اور احتیاطی تدابیر شیئر کرنے کے ساتھ گرمی میں کمی لانے کا حل بھی شیئر کر رہے ہیں اور وہ حل یہ ہے کہ شہری زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور شہر کے درجہ حرارت کو نیچے لانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔

ایک صاحب نے درخت لگانے والوں کے لئے سوشل میڈیا پرانعامی اسکیم کا اعلان بھی کردیا ہے کہ درخت لگا کر سیلفی بنائیں اور پچاس روپے کا بیلنس پائیں۔

کراچی کی ایک شہری نے درخت لگانے کے لئے صوبائی حکومت کو اپنی ذمہ داری یاد دلا کر جھنجوڑنے کی کوشش کی ہے کہ سائیں سرکار بھٹو کی مالا جپنے کے بجائے درخت لگائے۔

سوشل میڈیا کی بیشتر پوسٹس میں کراچی کے شہری وہ درخت تجویز کر رہے ہیں جو درجہ حرارت میں کمی لانے میں زیادہ معاون ثابت ہوسکتے ہیں، ان درختوں میں نیم، گل مہار، پیپل، املتاس اور بکائن شامل ہیں مگر سوشل میڈیا پر گرمی کے متاثرین اور اس سے بچاو کی تدبیر کرنے والوں کی تصاویر سب سے زیادہ گردش میں ہیں۔