امریکی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کوکراچی میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

569
کراچی (اسٹا ف رپورٹر)امریکی ریاست ٹیکساس کے ہائی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کا جسد خاکی آہوں اور سسکیوں کے ساتھ شاہ فیصل کالونی میں واقع عظیم پورہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔اس سے قبل ان کی نماز جنازہ یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعید گراونڈ میں ادا کی گئی۔سبیکا کو ان کی دادی کے پہلو میں دفن کیا گیا ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سبیکا کے والد کا کہنا تھا کہ سب لوگوں کی ہمدردی کے باعث ہمارا غم ہلکا ہوا ہے، وزیراعظم میرے گھر آئے تو گویا 20 کروڑ عوام نے مجھ سے تعزیت کرلی۔

جبکہ سبیکا کے تایا نے دہشت گردی کو پوری دنیا کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں آنے والی نسلوں کو بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لیے اس قسم کے واقعات کی روک تھام کرنی ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ سبیکا فائرنگ کے واقعے میں شہید ہوئیں ہیں، اگر پاکستان بتدریج دہشت گردی کے واقعات میں کمی لا سکتا ہے تو امریکا کو بھی اس ضمن میں ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے۔

واضح رہے کہ سبیکا شیخ کا جسدِ خاکی بدھ کے علی الصبح ترکش ایئر لائن کی پرواز TK۔708 کے ذریعے 3 بج کر 55 منٹ پر کراچی پہنچا۔

نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنرسندھ محمد زبیر، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان، پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی، پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال، ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان اور دیگر سیاسی رہنماوں نے سبیکا کی نماز جنازہ ادا کی۔نماز جنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، آنے والوں کو تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔

اس سے قبل سبیکا کی میت منگل اور بدھ کی درمیانی شب غیرملکی پرواز کے ذریعے کراچی لائی گئی، میت لینے کے لیے لواحقین ایئرپورٹ کارگو کمپلیکس پہنچے، سبیکا شیخ کی میت والد شیخ عبدالعزیز اور والدہ کے حوالے کی گئی۔ اس موقع پر امریکی قونصل جنرل جون وارنر بھی ایئرپورٹ کارگو کمپلیکس پر موجود تھے۔اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے سبیکا شیخ کی میت کو سلامی دی گئی۔ بعد ازاں میت ایئرپورٹ سے ان کے گھر گلشن اقبال پہنچائی گئی۔

اس موقع پر سبیکا کے گھر کے باہر عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود اور فضا سوگوار تھی۔میت کو نماز جنازہ کے لیے جس وقت لے جایا جانے لگا اس وقت رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، اس موقع پر موجود ہر آنکھ نم تھی۔سبیکا کا جسد خاکی حکیم سعید گراونڈ منتقل ہونے سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل جوزف ووٹل نے آرمی چیف سے سبیکا شیخ کی موت پر تعزیت کی اور معصوم جان کے ضیاع پر سوگوار خاندان سے افسوس کا اظہار کیا۔

واضح رہے کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکا عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو انہیں وطن واپس آنا تھا۔18 مئی کو فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔ فائرنگ کرنے والے 17 سالہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جو کہ اسی اسکول میں زیر تعلیم تھا۔سبیکا شیخ بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھیں، وہ ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ایک ہائی اسکول میں زیر تعلیم تھیں۔