اشاروں کی سیاست پیچھے چھوڑ دی ،انتخابات بر وقت ہونگے،وزیر اعظم

160

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک +صباح نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اشاروں کی سیاست پیچھے چھوڑ دی ‘ عام انتخابات وقت پرہوں گے۔ نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کا فیصلہ آج نہ ہوا تو کل تک ہوجائے گا،کوشش ہے کہ کسی ایک نام پر رضامند ہوجائیں،ایسا نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا۔شاہد خاقان نے کہا کہ نوازشریف کی بات کو بھارت نے اپنے مقاصد کے لیے توڑا مروڑا، نوازشریف نے یہ بات نہیں کہی کہ یہاں سے لوگ ممبئی بھیجے گئے، نواز شریف فرنٹ فٹ پر کھیلنے والے ہیں، نواز شریف کے بیانیے کو غلط انداز میں رپورٹ کیا گیا۔وزیراعظم کے بقول مریم نواز نے پارٹی اجلاس میں کبھی حصہ لیا، نہ ہی کسی کوہدایات دیں،وہ پارٹی معاملات میں مداخلت نہیں کرتیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کا نام کسی گواہ نے نہیں لیا، نیب صرف مسلم لیگ ن کو توڑنے کے لیے بنائی گئی تھی، ہم سے غلطی ہوئی، نیب کا کالا قانون ختم کرنا چاہیے تھا۔ وزیراعظم کہا کہ نواز شریف نے کبھی ڈیل کی نہ کریں گے، ایک ملک کے سابق وزیراعظم پر براہ راست الزام لگایا گیا اور ساری خرابی براہ راست الزام لگانے سے شروع ہوئی۔