سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ایک ہزار ملازمین کو فارغ کرنیکا فیصلہ 

384

کراچی ( رپورٹ خالد مخدومی ) حکومت سندھ نے نیب کی تحقیقات شروع ہونے کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں خلاف قانون بھرتی کیے جانے والے ایک ہزار افراد کو ملازمتوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔یہ فیصلہ11مئی کو سیکرٹری بلدیات اور ڈی جی ایس بی سی اے سمیت اعلی سطحی افسران کے اجلاس میں کیاگیا ۔یہ افراد2009 ء سے 2015 ء کے درمیان بھرتی کیے گئے تھے ۔اجلاس میں غیر قانونی بھرتیوں کے بارے میں تفصیلی غور اوراس سے متعلق مختلف تحقیقاتی رپورٹ کاجائزہ لیاگیا۔ محکمہ بلدیات نے مراسلہ نمبر so(g)/htp/sbca/4.122/2-15 کے ذریعے 17مئی کو نیب کراچی کو سندھ حکومت کے اس فیصلے سے آگاہ کردیاہے۔ نیب کے مطابق غیر قانونی ملازمتوں میں تسلسل کے ذمے دار سیکرٹری بلدیات رمضان اعوان ہیں جب کہ رمضان اعوان نے جسارت سے بات کرتے ہو ئے کہاکہ خلاف ضابطہ تقرر کا ان سے کوئی تعلق نہیں ،یہ تقرریاں مجھ سے پہلے ہو چکی تھیں،مذکورہ بھرتیاں اتھارتی کے سابق اور مفرور ڈی جی منظور قادر کاکا نے کی تھیں ۔