آئندہ عام انتخابات 25 جولائی 2018ء کو ہوں گے۔

403
وزیرِ اعظم نے 25 جولائی کو عام انتخابات کے انعقاد کی سمری ارسال کر دی،صدرِ مملکت الیکشن کے انعقاد کی سمری پر جلد دستخط کریں گے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ عام انتخابات 25 جولائی 2018ء کو ہوں گے۔ وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے 25 جولائی کو عام انتخابات کے انعقاد کی سمری صدر مملکت ممنون حسین کو ارسال کر دی ہے۔

صدرِ مملکت الیکشن کے انعقاد کی سمری پر جلد دستخط کریں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر کو 25، 26 اور 27 جولائی کی سمری ارسال کی تھی۔ سمری کی منظوری کے بعد ایک ہفتے میں الیکش شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان الطاف خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صدرِ مملکت کو انتخابات کے لیے 25، 26 اور 27 جولائی کی سمری بھیجی ہے۔ صدرِ پاکستان کی جانب سے تاریخ کا اعلان کے بعد 7 دن کے اندر الیکشن شیڈول جاری کر دیں گے۔ قانون کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن کرانا ہونگے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے میڈیا کو بتایا کہ ایک ہفتہ کاغذات نامزدگی، 14 دن ا سکروٹنی اور 7 دن میں اپیلوں پر فیصلہ ہو گا۔ کاغذات نامزدگی سے دستبرداری اور انتخابی نشان الاٹ کرنے کے 3 ہفتے بعد الیکشن ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایسا نظام ہونا چاہیے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھائی جا سکے، ہم کوئی رسک نہیں لینا چاہتے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس دفعہ تاریخ ساز اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن میں تمام اعتراضات کو سنا گیا ہے۔ حلقہ بندیاں مکمل ہو چکی ہیں، جو خامیاں تھیں انہیں دور کیا گیا ہے۔