دو ہزار اتھارہ کا انتخاب کرپٹ مافیا کیلیے یوم حساب ہوگا،عنایت اللہ خان

189

پشاور (وقائع نگار خصوصی)سابق سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈ ر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ ملک میں کسی بھی قسم کے وسائل کی کوئی کمی نہیں ،اگر کسی چیز کی کمی ہے تو صرف اور صرف کرپشن سے پاک باصلاحیت اور دیانتدار قیادت کی ہے۔ صرف ملاکنڈ ڈویژن میں چالیس ہزار میگا واٹ بجلی پید ا کرنے کی گنجائش موجود ہے جوپورے ملک کی بجلی کی ضروریات پورا کرنے کے لیے کافی ہے ۔ہماری لڑائی کسی فرد یا خاندان سے نہیں بلکہ اس ظالمانہ استحصالی نظام سے ہے جو 70 برس سے ملک پر مسلط ہے ۔ غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور بد امنی جیسے تحفے ان حکمرانوں کے ہیں ۔ ہم جمہوری طریقے اور عوام کی تائید سے ملک میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں ۔ تبدیلی اور انقلاب کا راستہ پولنگ بوتھ سے ہو کر گزرتاہے ۔وہ دیر بالا میں مختلف اجتماعات سے خطاب کررہے تھے ۔اجتماعات سے ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ ، ضلع ناظم دیر بالا صاحبزادہ فصیح اللہ ،تحصیل ناظم دیر بالا میر مخزن الدین اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 70 برس میں ایک دن کے لیے بھی اسلامی نظام کو موقع دیا گیا نہ آئین میں موجود اسلامی دفعات پر عمل کیا گیا ۔یہی وجہ ہے کہ ملک میں غربت ، جہالت ، مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی مسلسل بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کروڑوں بچے اسکولوں سے باہر اور تعلیم سے محروم ہیں اور لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی محرومیوں کے اصل ذمے دار وہی لوگ ہیں جو سیاست اور اقتدار پر صرف اپنا حق سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات کرپٹ مافیا کے لیے یوم حساب ہوگا ۔ عوام کرپشن اور لوٹ مار کے اس نظام سے ہمیشہ کیلیے چھٹکارے کیلیے جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دیں۔