الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے آئندہ عام انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق سے متعلق مشاورت اور اسے حتمی شکل دینے کے لیے تمام پارلیمانی سیاسی جماعتوں کا اجلاس 31 مئی کو طلب کر لیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کمیشن نے تمام پارلیمانی سیاسی جماعتوں کو خطوط بھی ارسال کر دیئے ہیں، جبکہ خطوط کے ساتھ سیاسی جماعتوں کو ضابطہ اخلاق کے مسودے کی کاپی بھی ارسال کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مذکورہ ضابطہ اخلاق کے بارے میں مکمل آگاہی کے ساتھ مشاورتی اجلاس میں شرکت کریں۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہوگی، جس کے بعد عام انتخابات منعقد کرانے کے لیے نگراں حکومت ذمہ داریاں سنبھالے گی جو جولائی کے آخر میں متوقع ہے۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان نگراں وزیر اعظم کے نام پر اتفاق کے لیے متعدد ملاقاتیں ہوئیں، تاہم فریقین کسی ایک نام پر اتفاق کرنے میں ناکام رہے۔
الیکشن کمیشن پہلے ہی یہ تنبیہ کر چکا ہے کہ اگر حکومت اور اپوزیشن نگراں وزیر اعظم کے نام پر اتفاق کرنے میں ناکام رہتے ہیں، تو معاملے کے حل کے لیے حکومتی اور اپوزیشن اراکین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
اگر کمیٹی بھی نام پر اتفاق نہیں کرپاتی تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا، جو نگراں وزیر اعظم کا انتخاب کرے گا۔