سازش کے تحت اداروں کے درمیان چپقلش اورخلفشار کوہوا دی جا رہی ہے

130

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدواراین اے 109سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ایسانگران سیٹ اپ لایا جائے جوہر لحاظ سے غیر جانبدار اور تمام اسٹیک ہولڈرزکے لیے قابل قبول ہو۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت اداروں کے درمیان چپقلش اورخلفشار کوہوا دی جا رہی ہے۔ایسی پالیسی سے خوفناک تصادم کی راہ ہموار ہوگی جس سے ملک وقوم کو محفوظ رکھنا ممکن نہ ہوگا،امید ہے کہ حکومت اور اپوزیشن جلد اس معاملے کو اتفاق رائے سے حل کر لیں گے۔انہوں نے کہاکہ ضرورت ہے کہ حکمت و دانشمندی کے ساتھ فیصلے کیے جائیں،پاکستان کی عزت ، وقار ، سلامتی اور دفاع کوداؤ پر لگانے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔ووٹ،ووٹر اورپارلیمنٹ کی توقیر میں اضافہ جمہوریت کا اصل حسن ہے۔انہوں نے کہاکہ انتخابات قریب آتے ساتھ ہی وفاداریاں بدلنے کا سلسلہ بھی شروع ہوچکا ہے۔جو لوگ اپنی پارٹیوں اور نظریے سے وفادار نہیں وہ ملک وقوم کے ساتھ کیسے مخلص ہوسکتے ہیں۔ملک اس وقت نازک صورتحال سے دوچار ہے۔تمام ترخدشات کے باوجود جمہوریت کوپنپنے کاموقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کاایجنڈاہے کہ الیکشن ملتوی ہوجائیں لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ ایسے عناصر ذاتی مفادات کے حصول کے لیے جمہوریت کوپٹری سے اتارناچاہتے ہیں،جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے ضروری ہے کہ مل کر کام کیا جائے ورنہ جمہوریت کوناقابل تلافی نقصان کاخدشہ برقراررہے گا۔