حلقہ پی پی 115 میں یتیم بچوں اور بیوگان میں رمضان راشن کی تقسیم 

188

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)الخدمت فاؤنڈیشن کے پروگرام آرفن کیئرکے تحت حلقہ پی پی115 دارالسلام کالونی،شمس آباد،ضلعی سیکرٹریٹ الخدمت اکبر آبادموڑپر یتیم بچوں اوربیوگان میں رمضان راشن تقسیم کرنے کی تقاریب ہوئیں ۔ان تقاریب میں امیر جماعت اسلامی سردارظفرحسین خان،امیدوارصوبائی اسمبلی پی پی115 متحدہ مجلس عمل رائے اکرم خاں کھرل ، انچارچ پروگرام محمدالیاس خاں منج،زونل امیر چودھری سلیم گجر ، میاں افتخارعلی اوردیگرنے راشن تقسیم کیا اور تقاریب سے خطاب کیا۔الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر اورپی پی 115سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار رائے اکرم خاں کھرل نے کہاکہ راشن دے کر ہم کسی پر احسان نہیں کر رہے بلکہ قرآن کے احکامات پر عمل کررہے ہیں،ہمارے ساتھ تعاون کرنے والوں نے نبی رحمتؐ کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دین رحمت ایسا نظام قائم کرنا چاہتا ہے جس میں حکمراں خود ضرورت مندوں کا خیال رکھیں،آج ترکی اور مصر اسلام کی بدولت ترقی کی جانب بڑھ رہے ہیں، اسلام ہی خوشحالی، امن اور چین کا راستہ ہے،متحدہ مجلس عمل اللہ کی رحمت اور آپ کے تعاون سے پاکستان کو مدینہ منورہ جیسی ریاست میں تبدیل کر دے گی۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے دکھی انسانیت کی خدمت کا جو ذمے اٹھایا ہے وہ قابل قدر ہی نہیں بلکہ قابل فخر بھی ہے، اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو پسند کرتاہے جو اس کی مخلوق سے محبت و خیر خواہی کا رویہ رکھتے ہیں، للہ تعالیٰ نے انسان کو دنیا میں اپنا نائب بنا کر اس لیے بھیجا کہ وہ خدمت خلق کرتے ہوئے حقوق العباد اور انسانی خدمت کا فریضہ سرانجام دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن فیصل آبادکی خدمات قابل قدر ہیں،الخدمت رنگ و نسل، علاقے اور برادری کے تعصب سے بالا تر ہو کر ایک مسلمان اور پاکستانی کی حیثیت سے معاشرے میں خدمت خلق کا کام کر رہی ہے، الخدمت ملک بھر میں مستحق اور ضرورت مند طبقات کی فلاح و بہود کیلیے ملک کے کونے کونے میں ہونے والی کار خیر میں پیش پیش ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں روزانہ 12 ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے، ملک میں اگر اربوں روپے کی کرپشن نہیں ہو تو عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتیں باآسانی مہیا ہوسکتی ہیں، اسلامی فلاحی ریاست میں حکومت کا فرض ہوتا ہے کہ وہ ضرورت مندوں کو تمام سہولتیں مہیا کرے۔