ریلوے ملازمین بطور احتجاج عید نہیں منائیں گے، خالد محمود

220

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین لاہور ڈویژن کے سینئر نائب صدر خالد محمود چودھری نے کہا ہے کہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ نہ ہونے پر ایک لاکھ ریلوے ملازمین بطور احتجاج عید نہیں منائیں گے، غریب سرکاری ملازمین کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں، دن رات اپنے وطن کی خدمت پر مامور ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد ایڈ ہاک اضافہ ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ پر یم یونین عید کے بعد اپنے قائد حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں ا حتجاجی تحریک چلائے گی، کراچی سے پشاور تک دما دم مست قلندر ہوگا، کسی کو بھی عوامی سرمایے پر موج مستی نہیں کرنے دیں گے، دس فیصد اضافہ کسی طور پر منظور نہیں، ملازمین کو ان کا حق دلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو توقع تھی کہ ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم پچاس فیصد اضافہ ہوگا مگر ن لیگ نے اپنے انتخابی وعدے فراموش کردیے ہیں، مگر عوام دشمن بجٹ نے حکومت سے وابستہ توقعات کو یکدم خاک میں ملا دیا ہے، جس کا خمیازہ اسے آئندہ الیکشن میں بھگتنا پڑے گا۔ لیگی حکومت کو پیپلز پارٹی کے عبرت ناک انجام سے سبق سیکھنا چاہیے۔ حکومت غربت کے خاتمے کے بجائے غریب کا خاتمہ چاہتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے میں سیاسی بنیادوں پر بھرتی کے بجائے، حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔ گزشتہ کئی برسوں سے ریلوے ملازمین کو ٹی اے اور گریجوٹی کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے جبکہ تعمیراتی فنڈز کے نام پر تنخواہوں سے پانچ فیصد ناجائز کٹوتی کی جارہی ہے، اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔