کے ڈی اے کی اراضی پر غیرقانونی گوٹھ قائم کرنے کا انکشاف 

274

کراچی ( رپورٹ :محمد انور) کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( کے ڈی اے) کے بدعنوان افسران کی ملی بھگت سے کےڈی اے اسکیم36 میں درجنوں ایکڑ اراضی پر قبضہ کرکے مختلف گوٹھ کے نام سے ان پر غیر قانونی پلاتنگ کی جا رہی ہے۔ اس بات کا انکشاف ایک حساس ادارے کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام اس رپورٹ کی تصدیق کے بعد مزید کارروائی کے لیے نیب کے حوالے کریں گے تاکہ کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔ رپورٹ کے مطابق غیر قانونی گوٹھ اسکیم36 میں غازی گوٹھ بلاک4 مغل ہزارہ گوٹھ بلاک6 شہباز گوٹھ قائم کیے گئے ہیں جبکہ نجی ادارے کی اراضی پر قائم عالم نگر میں غیر قانونی قبضوں کا سلسلہ بھی عروج پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان گوٹھوں میں 100، 120 اور400 گز کے پلاٹ کاٹ کر جعلی دستاویزات کے ذریعے فروخت کیے جارہے ہیں۔ اسی طرح گلستان جوہر بلاک 9،10 اور11 میں بھی مختلف رقبے کے پلاٹوں پر قبضے کرکے وہاں غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کے ڈی اے لینڈ ڈپارٹمنٹ کے بدعنوان افسران کے ساتھ حکومت سندھ کی بااثر سخصیات اور بورڈ آف ریونیو کے کرپٹ عناصر بھی قبضہ مافیا کے ساتھ سرگرم ہیں۔ تاہم اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سمیع صدیقی سے جب جسارت نے رابطہ کیا تو انہوں نے کے ڈی اے کی حدود میں اراضی پر قبضہ مافیاز کی سرگرمیوں سے لاعلمی ظاہر کی۔